• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

کوئل شہر بلاتا ہے مجھ کو

شائع September 9, 2015
کسی شہر کا بلانا، دوستوں کی یاد آنا، سرحدوں میں قید ہو کر رہ جانا چند سزائیں ہیں جو جلا وطنوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ — خاکہ ایاز جوکھیو
کسی شہر کا بلانا، دوستوں کی یاد آنا، سرحدوں میں قید ہو کر رہ جانا چند سزائیں ہیں جو جلا وطنوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ — خاکہ ایاز جوکھیو

25 اپریل 2015 کو 'کوئل شہر کی کتھا' کی تقریبِ رونمائی کراچی کے ایک سماجی کیفے دی سیکنڈ فلور (ٹی ٹو ایف) میں منعقد ہونی تھی کہ ایک دِن پہلے سبین کو ہم سے چھین لیا گیا۔ اس بات کو کئی ماہ بیت چکے لیکن اب بھی سبین کے بنائے ہوئے گھر، ٹی ٹو ایف جانے والوں کو یہی محسوس ہوتا ہے کہ "وہ یہیں کہیں ہوگی"۔ سبین کے لیے کوئل شہر کی کتھا میں سے ایک نظم:

نیا سال 2012

کِسی کے بچھڑنے کا دکھ تو بہت ہے

مگر اے نئے سال تجھ کو گلے تو لگانا پڑے گا

ختم دوست ہو گئے ختم دوستی کی کہانی نہ ہوگی

مگر آنسوؤں اور زخموں کی مالا پرانی لیے

نئی بس تیری تال پر

اسی سال پر

رقص کرنا پڑے گا

ملنا پڑے گا

بچھڑنا پڑے گا

اجڑنا پڑے گا

مگر پھر سے جڑنا پڑے گا

اسی ٹوٹے دل کو

نئے لوگ آئیں گے جائیں گے

بھرے شہر کی رونقوں میں

اکیلی پھرے گی تیرے بن مگر زندگی

مگر پھر سے جڑنا پڑے گا

اسی روٹھے دل کو

ہنسنا پڑے گا

یوں رونا پڑے گا

آنسوؤں کی جھڑیوں کو

لڑیوں کو موتی سمجھ کر پرونا پڑے گا

تیری یاد میں پھر

سر شام ہوتے

اداسی کی اس اوڑھنی کو

یوں اوڑھے

یوں پھرنا پڑے گا

جدائی کے اس روڈ پر

جہاں تم ملے تھے

جہاں چاند سے لوگ تھے اس نگر میں

آباد کرنا پڑے گا اسی پھر ڈگر کو

ہاں اسی موڑ پہ پھر

نئے سال تجھ کو۔۔۔

گلے تو لگانا پڑے گا مگر۔۔۔

اس نظم کا عنوان تو ہے "نیا سال 2012" لیکن اس کو 2013، 2014، یا 2015 بھی کر دیں تو شاید کوئی فرق نہ پڑے۔ پتہ نہیں کیوں یہ شہر ہر سال ہمارے کسی نہ کسی دوست کو نِگلنے پر تلا ہوا ہے۔

"کوئل شہر کی کتھا" ایک ایسے شہر کی کہانی ہے جو ہماری آس اور امیدوں کا شہر ہے۔ کیا ایسا شہر واقعی کبھی بستا تھا؟ یا یہ صرف حسن کے خوابوں میں بستا ہے؟ حسن کی شاعری میں اس شہر کا پتہ مِلتا ہے اور تاریخ بھی۔ یہ تاریخ ایک ایسے بچے کی لِکھی ہوئی ہے جو اپنے جانے پہچانے شہر میں کھو چکا ہے:

ایونیو ففتھ پر

راما کرشنا کے جلوسوں میں

وہ ایلن گنسبرگ کا ہمشکل بوڑھا

وہ گیروی رنگوں، جلترنگ اور دھمالوں

گوروں کالوں اور کئی سات رنگوں میں

روپہلی جون میں

چپ چاپ تنہا اور یگانہ اس طرح

جیسے وہ اس سارے فلسفے کا ہو بس اک آخری نقطہ

ایونیو ففتھ پر چلتے ہجوم میں

میں اک کھویا ہوا بچہ

وہ ایلن گنسبرگ کا ہمشکل بوڑھا

میں اس کے خیال کی انگلی پکڑ کر

دور جا نکلا

کہیں سیہون کی گلیوں میں

سرِ بازار می رقصم

کوئل شہر کراچی بھی ہے، نیویارک بھی اور سہون بھی۔ اس شہر کے کردار، چور، یار، عاشق، موالی، بھنگی، چرسی، پکھی واس اور وہ تمام گناہ گار ہیں جن کا شمار زندگی کے حاشیوں میں، محبت کے متلاشیوں میں کیا جاتا ہے:

وہ شہر بلاتا ہے مجھ کو

جس شہر کے باغوں میں کوئل

جو میرے یاروں جیسی تھی

یا تیرے پیاروں جیسی تھی

کبھی گاتی تھی

چھپ جاتی تھی

وہ شہر بلاتا ہے مجھ کو

جس شہر میں بھنگی رہتے تھے

جس شہر میں چرسی رہتے تھے

جس شہر میں مدھرا بکتی تھی

اور چوری چوری بکتی تھی

پھر شہر میں ایسی آگ لگی

پھرگھر گھر ایسی آگ لگی

اور مندر مسجد آگ لگی

دل دل ایسی آگ لگی

اور جل تھل ایسی آگ لگی

وہ شہر رلاتا ہے مجھ کو

وہ شہر بلاتا ہے مجھ کو

وہ شہر بلاتا ہے مجھ کو

کسی شہر کا بلانا، دوستوں کی یاد آنا، سرحدوں میں قید ہو کر رہ جانا، یہ چند سزائیں ہیں جو جلا وطنوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ حسن بھی یہ سزا کاٹ رہا ہے لیکن پھر بھی اس کی شاعری میں روایتی ناسٹیلجیا کی بو محسوس نہیں ہوتی۔ حسن کے لیے نہ تو یادِ ماضی عذاب ہے اور نہ ہی وہ اپنے حافظے سے پیچھا چھڑانا چاہتا ہے۔ وہ سِندھو ندی کی طرح جہاں سے بھی گزرتا ہے ادھر کی مٹی کو اپنے اندر سمو لیتا ہے اسی لیے وہ نیویارک میں بھی اتنا ہی زندہ ہے جتنا کہ کہیں اور۔

شاعر اگر ایک زبان کا شاعر بن کر رہ جائے تو پھر اہل زبان اس کو چھت پر چڑھا کر نیچے سے سیڑھی کھینچ لیتے ہیں۔ اب وہ یا تو ستارے گِن سکتا ہے یا ہمسایوں کے گھروں میں جھانک سکتا ہے۔ جو شاعر حضرات اس اعلیٰ رتبے پر فائز نہیں رہنا چاہتے وہ کسی ایک زبان پر بھی فائز نہیں رہتے۔ حسن بھی ان میں سے ایک ہے۔ حسن کی شاعری اس دیس کی لوک بولیوں سے جوڑی گئی ایک رِلی ہے۔ امرتا پریتم پر ایک طویل پنجابی نظم اس کتاب میں شامل ہے، ایک نظم جو شامل نہیں ہے وہ حسن کی پنجابی شاعری کی ایک اچھوتی مثال فلم زندہ بھاگ کے لیے لکھی گئی قوالی "پتہ یار دا" ہے جو راحت فتح علی خاں کی آواز میں محفوظ ہوئی۔

فلم کی بات ہو رہی ہے تو حسن کی بہت سی نظمیں فلم ہی کی مانند ہیں۔ اس کا قلم کسی کیمرے سے کم نہیں جیسا کہ اس نظم میں واضح ہے:

وہ یوسف نام کا لڑکا جو اکثر یاد آتا ہے

وہ ناگن کی طرح لہراتا بل کھاتا

کہیں اقبال جوگی کی مدھر مرلی کی لہروں میں

صوفیوں کے رقص میں سلفی کے شعلے میں

شرابوں کے نشے میں نیلگوں جھیلوں کے پانی میں

محبت کے قصے کہانی میں

میں اس کو بھول بھی جاؤں

وہ اکثر یاد آتا ہے

۔۔۔۔

میرا معشوق من یوسف

ابھی چاند سا

میرا حافظ میرا سچل میرا سرمد

وہ مادھو لال اور بلھا

وہ میری قرت العین طاہرہ

وہ یک جان بھی جدا ہو کر

عدم موجود ہے لیکن

خدا اور لاخدا ہو کر

وہ یوسف نام کا لڑکا

مادھو لال حسین کا نام ہم نے سن رکھا ہے، یہ اکبر کے زمانے کے صوفی شاعر ہیں۔ یہ لقب تو ان کو بعد میں مِلا لیکن سنتے ہیں کہ اکبر کو ان سے خطرہ تھا اور ان کی موت پراسرار حالات (آج کے نامعلوم افراد) میں ہوئی۔ مادھو لال حسین دراصل عشق کرنے والے دو لوگوں کا ایک نام ہے، شاہ حسین اور مادھو لال۔ کسی بھی دور میں جو تاریخ رقم نہیں کی جا سکتی، اس تاریخ کو لکھنے کی اور اس پر بات کرنے کی بہت سی سزائیں ہیں۔

مادھو لال کی شاعری میں ایسا کیا تھا کہ وہ اکبرِ اعظم کے لیے خطرہ بن گئے؟ جو شاعر اپنے ماحول اور معاشرے کی دی ہوئی ہستی گنوا کر شاعری کرتا ہے وہ خطرناک ہی ہوتا ہے۔ حسن نے بھی مادھو لال کی طرح ایلن گنسبرگ کی طرح ورثے میں مِلی ہوئی ہستی کا انکار کیا ہے۔

سچل کا سرائیکی کلام ہے "آہیاں وچوں ناہیاں تھیندیاں، ناہیاں وچوں آہیاں" (ہماری ہاں میں سے نہ نکلتا ہے اور نہ میں سے ہاں)۔ حسن مجتبیٰ نے بھی ایک انکار کیا ہے، "منکر ہوں میں اورنگ زیب کی ساری خدائی کا"، اور اقرار کیا ہے کوئل شہر کے وجود کا جہاں تمام محبتیں بِلا تفریق ممکن ہو سکتی ہیں۔

حسن اس خواب کو دیکھنے والا اکیلا نہیں۔ بلھے شاہ بھی ایسا ہی ایک شہر بسانا چاہتے تھے۔ ان کا کلام ہے، "اب ہم گم ہوئے پریم نگر کے شہر، بلھا شوہ ہے دوہیں جہانیں کوئی نہ دسدا غیر"۔

بھگت روی داس کی بھی یہی آس تھی، "بے گم پورہ شہر کو نائوں، دکھ اندیہہ نہیں تہ تھائوں"، اور سبین کا بھی یہی خواب تھا، اور سبین کا ٹی ٹو ایف اس پریم نگر، بے گم (بے غم) پورہ، اسی کوئل شہر کی ہی ایک جھلک ہے، وہ شہر جو دکھائی تو نہیں دیتا پر سنائی دیتا ہے، جیسے کوئل۔


کتاب: کوئل شہر کی کتھا

شاعر: حسن مجتبیٰ

ناشر: سانجھ پبلیکیشنز

قیمت: 300 روپے

فرجاد نبی

فرجاد نبی ہدایتکار اور مصنف ہیں جِن کی فلم "زندہ بھاگ" کو مقامی اور عالمی طور پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

نجیب احمد سنگھیڑہ Sep 09, 2015 07:17pm
حسن مجتبیٰ ایک سینئر صحافی ہیں اور قوم پرستانہ اور ترقی پسندانہ نظریات کے مالک ہیں۔ حسن مجتبٰی صاحب کی تحریروں، کالمز اور بلاگز کو میں نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر سات سال تک باقاعدہ پڑھا اور ان کے بلاگز پر تبصرہ نگاری بھی کی۔ حسن مجتبیٰ صاحب کی ‘کوئل شہر کی کتھا‘ کتاب کراچی کے باسیوں کی آواز ہے خاص کر ان قوموں کی جو سندھ دھرتی کے نسلوں سے باشندے ہیں اور دھرتی کو ماں سمجھتے ہیں اور یہی قوم اور باشندے سندھ خاص کر کراچی کے حالات کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان باشندوں میں کرب ناک تاثر پھیلتا جا رہا ہے کہ وہ وطن میں بےوطن کئے جا رہے ہیں۔۔۔۔
Sajid Sep 09, 2015 07:27pm
Beautiful words put together for a beautiful poet; Hassan Mujtaba! Thank you Farjad Nabi!
نجیب احمد سنگھیڑہ Sep 09, 2015 08:30pm
غیر ممکن تھی زمانے کے غموں سے فرصت، پھر بھی ہم نے ترا غم دل میں بسائے رکھا

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024