عمران خان خیبرپختونخوا کیوں بندنہیں کرواتے؟، حکومت کا سوال
اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے تین بڑے شہروں میں پہیہ جام اور پھر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرنے پر وفاقی وزراء نے عمران خان کو خیبر پختونخوا بند کروانے کا مشورہ دیا۔
لوگ جلسے میں نہیں آئے،پرویز رشید
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جلسے میں صرف اپنی ناکامی کا رونا رویا، عمران خان کا چہرہ لوگوں نے دیکھ لیا ہے اس لئے جلسے میں نہیں آئے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ انتخابات میں دھاندلی کے مجرم نہیں بلکہ وزارت عظمیٰ ڈھونڈھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اضافی بیلٹ کی بات صرف عمران خان جیسا بے وقوف ہی کر سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ روٹی اور عمران خان کی صورت کو ترس رہے ہیں۔
عمران خان خیبر پختونخوا کیوں جام نہیں کرتے؟ ، عابد شیر علی
وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا کو کیوں نہیں جام کرتے تحریک انصاف صرف پنجاب کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے ان کا رویہ غیر مناسب اور غیر جمہوری ہے۔
ڈان نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پلان اے اور بی ہوا میں اڑ گیا جبکہ پلان سی نالہ لئی میں بہہ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیے، عمران خان دھاندلی کے ثبوت لے کر سپریم کورٹ جائیں، تحریک انصاف 2018 تک دھرنا جاری رکھیں، بات میز پر ختم ہوگی۔
عمران خان دھاندلی سے الیکشن میں کامیاب ہوئے، سعد رفیق
ان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کی کردار کشی کر کے عمران خان کو انتخابات میں جتوایا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 16ماہ میں الیکشن ٹریبونل میں ایکسٹرا ووٹ کی شکایت نہیں کی۔
عمران کا واضح ایجنڈا ملک بند کروانا ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا واضح ہو گیا، ملک بند کرانا چاہتے ہیں۔
ڈان نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نےمذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، 30نومبر کا انتطار تھا، تحریک انصاف سے مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔
وفاقی وزیر کا دعوی تھا کہ حکومت پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے رابطے کرتی رہی ہے لیکن عمران خان شیخ رشید کے زیر اثرہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں