• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm

کراچی: مائیکل ٹاؤن کے مسیحی اور مسلمان

شائع July 17, 2014
پشاور میں چرچ پر خودکش حملے کے خلاف مسیحی برادری کے لوگ احتجاج کررہے ہیں۔ —. فائل فوٹو اے پی
پشاور میں چرچ پر خودکش حملے کے خلاف مسیحی برادری کے لوگ احتجاج کررہے ہیں۔ —. فائل فوٹو اے پی

کراچی: اس ستم ظریفی سے بڑھ کر کوئی ظلم نہیں ہوسکتا۔ مائیکل ٹاؤن کی دیواروں پر پتنگ کی معروف علامت کے ساتھ اقلیتی امور کے نعرے تحریر ہیں، لیکن مسیحیوں کی اس مختصر سی برادری جو کم سے کم دو ہزار افراد پر مشتمل ہے، کو ہر نیا دن یہ یاد دلاتا ہے کہ کراچی کو کنٹرول کرنے والی سیاسی قوتوں کے نزدیک ان کی زندگیاں، ان کی جائیداد کی کس قدر اہمیت رکھتی ہیں۔

کورنگی کے کم آمدنی والے علاقے میں ان کے لیے زندگی کبھی آسان نہیں رہی، جہاں مسیحی رہائشیوں کے زیادہ سے زیادہ تین سو گھرآٹھ تنگ ملحقہ گلیوں میں واقع ہیں۔

غربت اور تعصب نے مل کر ان کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی ہے۔ ایک جانب مسلمان پائپ لائنوں سے پانی حاصل کرتے ہیں، جبکہ ان کے علاقے میں پائپ لائن نہیں ڈالی گئی اور وہ ٹینکرز سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

یہ مسیحی باشندے مسلمانوں کے برعکس یہاں کمیونٹی کے میدان پر اپنے مذہبی اجتماعات کا انعقاد نہیں کرسکتے، اس لیے کہ مدرسے کی جانب سے ان کا یہ اقدام کہیں جرم نہ بنادیا جائے۔

یہاں پر موجود ایسی دکانیں جو مسیحیوں کی ملکیت ہیں، مسلمان ان دکانوں سے خریداری نہیں کرتے۔

اقلیتی عقیدے سے تعلق رکھنے والے بائیس برس کے نسیم گل نے کہا ’’ہم نے ہمیشہ الگ تھلگ رہ کر زندگی گزاری ہے۔ اگرچہ یہاں اس طرح کا کوئی سماجی میل جول موجود نہیں تھا، پھر بھی دونوں برادریوں کے بچے ایک ساتھ کرکٹ کھیلتے اور شہری تعلقات تھے۔‘‘

لیکن گزشتہ سال 23 ستمبر کو پشاور کے آل سینٹس چرچ پر تباہ کن خودکش حملے کے نتیجے میں پہلے دن چیزوں نے بدترین موڑ اختیار کرلیا۔

ماحول پر اس وقت جذبات غالب تھے، جب ملک بھر کے مسیحی اپنی برادی کے خلاف کیے گئے حملے کی مذمت میں جلوس نکال رہے تھے۔ مائیکل ٹاؤن میں ایک جلوس پر اس بہانے سے حملہ کیا گیا، کہ اس علاقے کی خلفائے راشدین مسجد پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ مسیحیوں کی جانب سے اس الزام کی تردید کی گئی تھی۔

اس فساد میں ایک مسلمان نذر اقبال ہلاک ہوگیا تھا۔

تقریباً دس مہینے گزرنے کے بعد مائیکل ٹاؤن کے چھوٹے سے چرچ کی خاموشی میں، جہاں لکڑی کی رحل کے سامنے دیوار پر ایک صلیب پینٹ کی گئی ہے اور پلاسٹک کے گلابوں کے دو گلدستے اس چرچ کی واحد زینت ہیں۔ اس برادری کے چند اراکین بیٹھے اور اس دن کی تباہی کو یاد کرنے لگے جس نے اجنبیت کے احساس کو جنم دیا تھا۔

اس روز بے قابو ہجوم نے مسیحیوں کی املاک کو نذرِ آتش کیا، ان کی مقدس کتابوں کو جلادیا اور ان کے گھروں کی توڑ پھوڑ کی۔

چار یا پانچ مکانات تباہ ہوگئے تھے، کئی موٹرسائیکلوں کو جلا دیا گیا تھا۔ عذرا یعقوب اس وقت اپنے دو چھوٹے بچوں کے ساتھ گھر پر موجود تھی، جب کئی لوگ اس کے گھر میں گھس آئے۔

وہ کہتی ہیں ’’میرا سات برس کا بیٹا گھبرا کر رونے لگا اور اس نے ان میں سے ایک آدمی کی ٹانگیں پکڑ لیں اور ان سے رحم کی بھیک مانگنے لگا۔ خوش قسمتی سے ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگا اور وہ چلے گئے، جاتے جاتے انہوں نے باہر کھڑی ہماری کار کو آگ لگادی۔‘‘

ایک مقامی پرچون کی دکان کے مالک جاوید بھٹی کہتے ہیں ’’تین سو مسیحی خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ہمیں شہر میں مختلف جگہ اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں پناہ لینی پڑی۔‘‘

تین مسیحیوں کو اقبال کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ان کی برادری کے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے دیکھا تھا کہ وہ خود مسلمانوں کی وجہ سے کچل کر ہلاک ہو گیا تھا۔

ان میں سے ایک ملزم کے وکیل شاہد بھٹی کا کہنا ہے کہ ’’اس دن ایسی افراتفری تھی کہ کسی ایک کو ذمہ دار ٹھہرانا ممکن نہیں ہے۔‘‘

سترہ مسیحیوں پر فساد کا الزام عائد کیا گیا، اگرچہ ان میں سے صرف تین ہی گرفتار ہوسکے ہیں۔

اس حملے نے مسیحی برادری کو اس قدر خوفزدہ کردیا تھا کہ وہ واپسی سے گریزاں تھے۔

کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ڈپٹی کمشنر نے مفاہمت پیدا کرنے کے لیے دونوں برادریوں کے نمائندوں کا ایک اجلاس گزشتہ سال چار اکتوبر کو اپنے آفس میں طلب کیا۔

مسیحیوں کا کہنا ہے کہ وہاں انہوں نے دیکھا کہ اکثریت ریاست کے ساتھ مل کر اپنی خواہش کو اقلیت پر تھونپنے کی کوشش کررہی تھی۔

انہیں اپنے گھر واپس جانے کی اجازت کے لیے ذلت آمیز شرائط تسلیم کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اس معاہدے کی شرائط کے مطابق یہ آبادی جو مائیکل ٹاؤن کہلاتی ہے، اگرچہ بعض مرتبہ چھوٹی عیسیٰ نگری کے نام سے بھی اس کا حوالہ دیا جاتا ہے۔یہ تیس برس پہلے آباد ہوئی تھی، آج کے بعد اس کو خلفائے راشدین کالونی کہا جائے گا۔

معاہدے کی ایک اور شق میں کہا گیا تھا کہ ’’لاؤڈاسپیکر فوری طور پر آج ہی چرچ کے اندر سے ہٹادیا جائے گا۔‘‘

اس علاقے کی مسجد خلفائے راشدین کے قاری مفتی غلام چشتی کے مطابق ’’ہماری مسجد میں لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہے، اس لیے کہ پاکستان کا قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔لیکن یہی قانون اقلیتوں کو اپنے مذہب کی تبلیغ کی اجازت نہیں دیتا۔‘‘

مسیحیوں کی دلیل یہ ہے کہ لاؤڈ اسپیکر کی ضرورت صرف اس لیے پڑتی ہے کہ چرچ بہت چھوٹا اور عبادت کرنے والوں کو اکثر گلی میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔

مذکورہ اجلاس کی کارروائی کی روداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ حکومتِ سندھ کے محکمہ خزانہ کے سپرد کردیا گیا تھا، یہ فیصلہ کیا گیا کہ پانچ لاکھ روپے فوری طور پر مرحوم نذر اقبال کے خاندان کو جبکہ پچاس پچاس ہزار روپے تین زخمیوں کو امدادی فنڈ سے دیے جائیں گے۔جن زخمیوں کو معاوضہ دیا گیا، وہ سب کے سب مسلمان تھے۔

اپنے سے کہیں زیادہ بڑی مسلم آبادی کے ہاتھوں فسادات میں زخمی ہونے والے مسیحیوں میں سے اب تک کسی کو بھی کوئی معاوضہ نہیں ملا ہے، جبکہ ان میں سے چار زخمی ایسے تھے، جو بہت بری طرح زخمی ہوئے تھے۔ کم سے کم تیس گھروں کو لوٹ لیا گیا تھا، لیکن ان کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

اس بستی کے ایک رہائشی کہتے ہیں ’’زیورات، رقم یہاں تک کہ جہیز کا سارا سامان لوٹ لیا گیا، لیکن جب ہم ایف آئی آر درج کروانے پہنچے تو پولیس نے ہمارا مذاق اُڑایا۔‘‘

مقامی انتظامیہ کی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کو دی جانے والی درخواستوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ صرف پیپلزپارٹی کے اقلیتی ونگ کے مشتاق مٹّو نے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس مسئلے پر اپنی پارٹی کی توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی۔

کورنگی کے ڈپٹی کمشنر زبیر چیمہ کہتے ہیں کہ یہ معاملہ حل نہیں ہوسکا ہے، اس لیے کہ اس بات پر اتفاقِ نہیں ہوسکا کہ ہر دعوے دار کس قدر معاوضے کا حقدار ہے۔

اس کے علاوہ اس کمیونٹی کو دھمکی دی گئی کہ وہ قتل کے ملزم کے مقدمے میں گواہی نہیں دیں گے۔

ایک رہائشی نے کہا ’’ہم نے اس کی سماعتوں میں بھی حاضر نہیں ہوئے۔‘‘

تین مسیحی جنہیں فسادات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، ضمانت پر رہا ہوگئے تھے، لیکن وہ انتقامی حملے کے خوف سے اپنے گھروں کو واپس نہیں آسکے ہیں۔

مائیکل ٹاؤن کے رہائشیوں میں سے ایک نے بتایا ’’ہم نے اپنے کاروبار جاری رکھنے کے لیے اپنے سر جھکا دیے ہیں اور کسی بھی محاذ آرائی سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ ہم پر جملے کستے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ہم جواب نہیں دے سکتے۔ ‘‘

دونوں برادریوں کے درمیان لکیریں اب پہلے سے زیادہ گہری ہوگئی ہیں۔ پچھلے کرسمس پر مسلمانوں کے مذہبی نعرے چرچ کے دروازوں پر اسپرے سے تحریر کیے گئے تھے اور بیرونی سجاوٹوں توڑ دیا گیا تھا۔

یہاں تک کہ کرکٹ بھی ہم آہنگی کے لیے کوئی طاقت نہیں بن سکا ہے۔مسیحی برادری کے لڑکوں کو بستی کے میدان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

مائیکل ٹاؤن کی مسیحی برادری کو انصاف کی قیمت پر امن خریدنے پر مجبور کرنا، ملک کے دیگر علاقوں میں مذہبی اقلیتوں پر قائم دباؤ کی خطرناک مثال کا تعین کرتا ہے۔

تبصرے (3) بند ہیں

Habib Jul 17, 2014 04:26pm
**strong text**Nice Information, hr kisi ko azadi se rehnay ka haq hai. Pakistan sab ka hai jo es main rehnay walay hain....
وجاہت Jul 18, 2014 03:24am
آپ صحافت کر رہے ہو صحافت ہی کرو منافقت نہ پھیلاوء پاکستان میں تمام اقلیت آذادی سے رہتی آرہی ہیں جتنی آزادی اقلیتوں کو پاکستان میں حاصل ہیں شائید ھی دنیا میں کسی اور ملک میں ایسا ہو. حالآت پورے ملک کے خراب ہیں خود مسلمان اور مسلمانوں کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں ہیں اور آپ جیسے لوگ ایسے کم ترکالم لکھ کر مزید ملک کا امیج نہ خراب کرو.
riasat shahid Jul 19, 2014 11:34pm
we are not safe in this country . our coumminty suffer in unjustice always how could we face these promblems.please do justice justice justice.

کارٹون

کارٹون : 25 اپریل 2025
کارٹون : 24 اپریل 2025