کراچی: کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے لشکر جھنگوی کے گروپ سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ عسکریت پسندوں کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک ریڈ کے دوران گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں کے قبظے سے دس کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور پریشر کوکر بم برآمد کرلیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اظہر الیاس کالا نامی ایک شخص اس کالعدم تنظیم کے آپریشنز کی نگرانی کررہا تھا۔
گرفتار ہونے والے دوسرے مبینہ عسکریت پسند کا نام شاہد الیاس چورن ہے۔
پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار ہونے والے یہ مبینہ عسکریت پسند افراد معروف دانشور پروفیسر سبط جعفر کے قتل میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ تین دوسرے افراد کراچی سینٹرل جیل اور ہونے والے انتخابات کے دوران دہشتگردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھے۔