ڈمپل گرل پریتی زنٹا بطور فلم پروڈیوسر مشکل میں پھنس گئی ہیں۔
ان کی فلم 'عشق ان پیرس' جسے گزشتہ سال پانچ اکتوبر کو ریلیز ہونا تھا اب تک سینیما گھروں کی زینت نہیں بن سکی۔
پریتی نے 2011 میں اپنی فلم پر کام شروع کیا تھا۔ پریم سونی فلم کے ڈائریکٹر جبکہ اس کی کہانی خود پریتی نے لکھی ہے ۔
تاہم 'عشق ان پیرس' کو کوئی بھی خریدنے کے لئے تیار نہیں۔
پریتی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے پہلے ٹریلر کے جاری ہونے کے بعد سے وہ اب تک فلم کے خریدار کی تلاش کررہی ہیں۔
پریتی اس فلم کے لئے بیس کروڑ روپے کی بڑی رقم مانگ رہی ہیں تاہم کوئی خریدار اس کے لئے تیار نہیں۔
پریتی حالات سے اس قدر تنگ آچکی ہیں کہ انھوں نے سماجی حلقوں سے رابطہ ہی ختم کردیا ہے۔
اب بالی وڈ اداکار نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پہلے فلم کے سیٹلائٹ حقوق فروخت کریں گی، مگر اس معاملے میں بھی قسمت ان کا ساتھ نہیں دے رہی۔
اسٹار انڈیا کا کہنا ہے کہ وہ فلم کے حقوق خریدنے کے لئے تیار ہیں تاہم وہ جاننا چاہتے ہیں کہ پریتی اس فلم کو کب ریلیز کریں گی۔
دوسری جانب، پریتی اس حوالے سے کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔