دنیا

کویت نے فراڈ ، دھوکا دہی اور دیگر الزامات پر 3 ہزار سے زائد افراد کی شہریت ختم کردی

54 ملکوں کے 2 ہزار 863 شہری کویتی شہریت سے محروم ہوئے، ساڑھے 3 ماہ کے دوران کویت کی حکومت 9 ہزار افراد کی شہریت منسوخ کرچکی ہے، رپورٹ

کویت کی حکومت نے3 ہزار 43 افراد کی شہریت ختم کردی، یہ کویت میں میں شہریت کی منسوخی کا تازہ ترین سلسلہ ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق کویت میں شہریت کی تصدیق کی منتظم کمیٹی نے جمعرات کو دھوکا دہی سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر ان افراد سے کویتی شہریت واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

جن لوگوں کی شہریت ختم کی گئی، ان میں 54 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار 863 افراد شامل ہیں، جن کے پاس دوہری شہریت ہے۔

اب اس فیصلے کو منظوری کے لیے کویت کی وزراتی کونسل کو بھیجا جائے گا، حال ہی میں قائم کی کمیٹی نے اگست سے اب تک شہریت کی منسوخی کے 12 ہزار سے زیادہ معاملات درج کیے ہیں۔

یاد رہے کہ ساڑھے 3 ماہ کے عرصے میں کویت کی حکومت نے مختلف الزامات ثابت ہونے پر 9 ہزار سے زائد لوگوں کی شہریت منسوخ کی ہے۔

کویت کے پہلے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور داخلہ فہد الیوسف نے کہا کہ ایسی خواتین جنہوں نے کویتی مردوں سے شادیاں کر رکھی ہیں، کویتی مردوں کی مطلقہ یا بیوہ ہیں، کویت میں رہائش رکھتی ہیں، ان کی ملازمتیں محفوظ ہیں اور ان کی مقررہ تنخواہیں انہیں ملتی رہیں گی، اگر ایسی خواتین ریٹائرڈ ہوچکی ہیں تو ان کی پنشن بھی انہیں ملتی رہے گی۔

حکام پہلے ہی مارچ کے اوائل سے ہزاروں افراد کو دھوکا دہی یا کسی اور قومیت کے حامل ہونے کی وجہ سے کویتی شہریت سے محروم کر چکے ہیں، کویتی قانون کے تحت دوہری شہریت رکھنے پر پابندی ہے۔

کویت کی وزارت داخلہ نے دوہری شہریت رکھنے والوں یا جعل سازی کے ذریعے شہریت حاصل کرنے والوں کے بارے میں رپورٹس حاصل کرنے کے لیے ہاٹ لائن قائم کی ہے۔

وزارت نے متعلقہ معلومات کے ساتھ عوام پر زور دیا ہے کہ وہ تحقیقات کے لیے ہاٹ لائن کے ذریعے ایسے افراد کی اطلاع دیں اور ایسے افراد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ کویتی میڈیا میں جعلسازی سے کویتی شہریت حاصل کرنے کی خبریں آنے کے بعد سے حکومت نے کئی افراد پر مقدمات درج کرکے انہیں عدالتوں کے ذریعے جیل بھی بھجوایا ہے۔