پاکستان

سندھ ہائیکورٹ: 26 ویں ترمیم کے خلاف درخواستوں کی فوری سماعت کی استدعا منظور

26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درائر درخواستیں ریگولر بینچ سن سکتا ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کی خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درائر درخواستیں ریگولر بینچ سن سکتا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ درخواستیں آئینی بینچ میں زیر سماعت ہونی چاہیں، عدالت نے کہا کہ آپ جواب جمع کروا دیں، ہم دیکھ لیں گے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین سے متصادم قانون کے خلاف درخواست ریگولر بینچ سن سکتا ہے، سندھ ہائیکورٹ کچھ دن پہلے فیصلہ دے چکی ہے، گزشتہ سماعت پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ کابینہ ڈویژن کا جواب جمع کروادیا ہے،لا ڈویژن کے جواب کا انتظار ہے، عدالت نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے ریگولر بینچ کے دائرہ اختیار سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ آج تو فوری سماعت کی استدعا ہے، تاریخ دیدیں، کابینہ ڈویژن کے مطابق کابینہ ڈویژن کا کام وزارتوں کی سمری کابینہ اور اسکی کمیٹیوں میں پیش کرنا ہوتا ہے، کابینہ ڈویژن کے کام سے درخواست گزار متاثر نہیں ہوا، کابینہ ڈویژن کا نام بطور فریق خارج کیا جائے۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو اعتراضات تحریری طور پر جمع کروانے کی ہدایت کردی، عدالت نے درخواستوں کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے ایک ہفتے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی ۔