پاکستان

سندھ میں کل 8 مقامات پر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ ہوں گے

محکمہ داخلہ سندھ نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی، غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی ہوگی۔

سندھ میں کل 8 مقامات پر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے ٹیسٹ ہوں گے جس کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کے تحت ٹیسٹ مراکز میں ڈیجیٹل ڈیوائس، موبائل فون، لیڈیز پرس لانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی ہوگی۔

8 دسمبر بروز اتوار جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہوگا جب کہ پبلک اسکول حیدرآباد، پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ میں بھی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہوگا۔

مہران یونیورسٹی جامشورو، پبلک ہیلتھ اسکول حیدرآباد، آئی بی اے پبلک اسکول سکھر، قائد عوام یونیورسٹی شہید بے نظیرآباد میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ میں ایک لاکھ 60 ہزار امیدواروں نے شرکت کی، تاہم 50 سے زائد طلبہ پر نقل کرنے کے الزامات میں مقدمات درج کیے گئے اور اس دوران 2 طلبہ کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بعد ازاں، 15 امیدواروں نے مشترکہ طور پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 22 ستمبر کو صوبے میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا تھا جس میں مبینہ طور پر امتحان سے ایک دن پہلے متعدد پرچے منظر عام پر آئے تھے جس سے امتحانی عمل کی شفافیت پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔

4 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران 4 ہفتوں میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں، 6 نومبر کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم ڈی کیٹ سمیت تمام ٹیسٹ میں شفافیت لانے کا حکم دیا اور 6 ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ لینے کی ہدایت کی تھی۔