پاکستان

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری مکمل، معاہدے پر دستخط کر دیے گئے

فیصل ٹاؤن لمیٹڈ نے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کو بولی کے ذریعے خریدا، پنجاب کوآپریٹو بورڈ، سوک کمپنی، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نجکاری کمیشن نے معاہدے پر دستخط کر دیے، اعلامیہ

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری کاعمل مکمل ہوگیا اور اس کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فیصل ٹاؤن لمیٹڈ نے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کو بولی کے ذریعے خریدا، پنجاب کوآپریٹو بورڈ، سوک کمپنی، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نجکاری کمیشن نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی کامیاب نجکاری سے پرائیوٹائزیشن کمیشن کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور یہ ادارہ باقی کیسز کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہو گا۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کاروباری طبقے کے اعتماد میں اضافے کے لئے غیر ضروری کاغذی کارروائیوں میں وقت ضائع نہیں ہونا چاہیے اور ہمیں نجکاری کے امور کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنا چاہیے۔

وزارت نجکاری کی رپورٹ کے مطابق سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور میں شاہراہ قائداعظم (مال روڈ) پر واقع ایک اہم پراپرٹی ہے۔

پلاٹ کا سائز تقریباً 15 کنال، 3 مرلے اور 113 مربع فٹ (تقریباً 7 ہزار 585 مربع گز) ہے، یہ ایک 4 منزلہ عمارت ہے، جبکہ تعمیر شدہ رقبہ 93 ہزار 850 مربع فٹ ہے۔

حکومت پاکستان نے 2019 میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری شروع کی تھی۔