لائف اسٹائل

’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں اہم کردار کے باوجود پوسٹر میں شامل نہیں کیا گیا، عمر شہزاد

عمر شہزاد نے ’جوانی پھر نہیں آنی 2’ میں سلطان نامی ولن کا کردار ادا کیا تھا، فلم کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

مقبول ماڈل و اداکار عمر شہزاد نے شکوہ کیا ہے کہ اہم کردار کے باوجود انہیں ’جوانی پھر نہیں آنی‘ فلم کے پوسٹر میں شامل نہیں کیا گیا تھا، جس پر انہیں مایوسی بھی ہوئی۔

عمر شہزاد نے حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شکوہ کیا کہ ان کی پہلی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں پوسٹر پر ان کی تصویر شامل نہیں کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فلم کے لیے ان کا سولو پوسٹر بنایا گیا تھا لیکن اسے ریلیز نہیں کیا گیا، صرف انہیں ہی وہ پوسٹر دیا گیا۔

عمر شہزاد کے مطابق فلم میں ان کا کردار باقی چند کرداروں سے زیادہ اور اہم بھی تھا لیکن اس باوجود ان کی تصویر پوسٹر میں شامل نہیں کی گئی، جس پر انہوں نے فلم کے ہدایت کار ندیم بیگ سے بھی استفسار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ندیم بیگ نے انہیں بتایا کہ ان کا سولو پوسٹر ہوگا لیکن ان کے سولو پوسٹر کو بھی پریمیئر پر بھی نہیں لگایا گیا، جس پر انہیں مایوسی ہوئی۔

انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر بھی بات کی اور بتایا کہ جب فلم کا مرکزی پوسٹر بنایا جا رہا تھا، جس میں تمام اداکار شامل ہیں، اس میں وہ بھی شامل تھے لیکن عین موقع پر انہیں وہاں سے ہٹایا گیا۔

عمر شہزاد کے مطابق تصویر بننے کے وقت ان کے پاس اسسٹنٹ ڈائریکٹر خاتون آئیں اور انہیں وہاں سے ساتھ دوسرے کمرے میں لے گئیں، تب تک فلم کا مرکزی پوسٹر بن چکا تھا اور وہ اس میں شامل نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں کیا گیا؟ اور یہ کہ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر سوال بھی کیا لیکن کچھ نہ بنا۔

عمر شہزاد نے کہا کہ ان کی فلم میں سب ان کے ساتھ اسٹارز تھے، ان کے لیے الگ کھانا آتا تھا اور چوں کہ انہیں مختلف مںظر شوٹ کروانے ہوتے تھے، اس لیے وہ ڈائٹ پر تھے، وہ شوٹنگ کے دوران بھی تنہا کونے میں کھانا کھاتے تھے۔

خیال رہے کہ عمر شہزاد نے ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں سلطان نامی ولن کا کردار ادا کیا تھا، فلم کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ میں پرانا ‘آیا لڑیے’ نئے انداز میں پیش

جوانی پھر واپس آگئی

‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ کے ‘تلے والی جوتی’ کے چرچے