پاکستان

آئی ایم ایف سے قرض معاہدہ: اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مندی میں تبدیل

کے ایس ای-100 انڈیکس 589 پوائنٹس یا 0.72 فیصد تنزلی کے بعد 81 ہزار 657 پر آگیا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا گیا جو مندی میں تبدیل ہو گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 589 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 37 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 602 پوائنٹس یا 0.73 فیصد بڑھ کر 82 ہزار 850 پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا اور انڈیکس 589 پوائنٹس یا 0.72 فیصد تنزلی کے بعد 81 ہزار 657 پر آگیا، جو گزشتہ روز 82 ہزار 247 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی۔

آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال مل جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔

اس سے قبل گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 764 پوائنٹس اضافے سے 82 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔