پاکستان

پشین میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

تازہ ترین کیس 30 ماہ کے بچے میں رپورٹ ہوا جس کے بعد رواں سال ملک میں کیسز کی تعداد 22 ہوگئی۔

بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں رواں سال کیسز کی تعداد 22 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں پولیو کا 22واں کیس رپورٹ ہونے کے بعد حکومتی عہدیداروں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کی خاطر انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔

ملک میں پولیو کا تازہ ترین کیس بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے 30 ماہ کے بچے میں رپورٹ ہوا۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون )(ڈبلیو پی وی-1) کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

شعبہ صحت کے اہلکار کے مطابق پشین میں تازہ ترین کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے جن میں سے صرف 15 کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے علاوہ صوبہ سندھ سے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔

ملک میں پولیو کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے والدین کے کردار پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ پولیو وائرس سے بچوں کی زندگیاں متاثر ہورہی ہیں اور اس کا واحد حل بروقت اور ویکسینیشن کرنا ہے، میں تمام والدین سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور پولیو کے خلاف لڑنے کے لیے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔

اس سے قبل، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کی سربراہی میں پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے شراکت داروں اور ڈونرز کو بریفینگ دینے کے لیے اجلاس کا انعقاد کیا۔

اجلاس میں ملک میں انسداد پولیو کی کوششوں کی موجودہ صورتحال اور بیماری کے موجودہ رجحانات کو تبدیل کرنے کے لیے متفقہ قومی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔

پولیو کے خاتمے میں شراکت داروں اور ڈونرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے عائشہ رضا فاروق نے پاکستان کے بچوں کو پولیو وائرس کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ اور مجموعی طور پر بچوں کی بقا میں کردار ادا کرنے کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کو قومی ترجیحی ایجنڈا بنایا ہے، پولیو وائرس سے متعلق وزیراعظم کے فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ یہ وائرس 67 اضلاع میں پھیل چکا ہے جس سے رواں سال 21 بچے متاثر ہوئے ہیں۔