پاکستان

کرغزستان میں پھنسے سندھ کے طلبہ کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی، مراد علی شاہ نے استقبال کیا

سندھ حکومت باقی طلبہ کو واپس لانے کے لیے چارٹر فلائٹ کے اخراجات برداشت کرے گی، وزیر اعلی سندھ

کرغزستان میں پھنسے سندھ کے طلبہ کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 205 پاکستانی طلبہ کا وطن واپسی پر جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف خاندانوں بلکہ پورے پاکستان کے لیے تشویشناک بات تھی، وزارت خارجہ اور دیگر وزارتوں نے فوری طور پر اس معاملے میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کیا، انہوں نے بتایا کہ آج 205 طلبہ واپس آئے ہیں جن میں سے 99 کا تعلق کراچی سے ہے۔

وزیر اعلی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ 205 طلبہ میں 150 بچے اور 55 بچیاں شامل ہیں، جمعرات کو پہنچنے والے 205 طلبہ میں سے 99 کا تعلق کراچی، 22 کا حیدرآباد، 15 کا نوشہروفیروز، 13 کا خیرپور اور سکھر، 12 کا شہید بینظیر آباد، 5 کا جیکب آباد، 5 کا بدین، 5 دادو، 3 کا تعلق سانگھڑ (ٹنڈو آدم) ، ایک کا کندھ کوٹ، اور ایک کا تعلق تھرپارکر سے ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرغزستان میں 180 طلبہ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے 6 زخمی ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت باقی طلبہ کو واپس لانے کے لیے چارٹر فلائٹ کے اخراجات برداشت کرے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی متعلقہ وزارتیں اور یہاں تک کہ وزیر اعظم شہباز شریف بھی طلبہ کے لیے تعلیمی سفر جاری رکھنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کرغزستان میں اپنے ذاتی رابطوں کا استعمال کیا اورطلبہ کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جناح ٹرمینل پر وزیر اعلیٰ نے والدین سے بات چیت کی جو اپنے بچوں کو لینے وہاں پہنچے تھے، انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی حکومت طلبہ کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

ہتک عزت کیس: مراد سعید نے گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی

’کیا لوگوں کو کبھی اپنی ماؤں سے ڈانٹ نہیں پڑی؟‘ فیصل قریشی کا والدہ کی وائرل ویڈیو پر ردعمل

پی پی 32 گجرات پر مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست پر ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب