لائف اسٹائل

لوگ غلط کہتے ہیں، مغرور نہیں پیاری ہوں، نازش جہانگیر

اداکارہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں ماضی میں محبت ہوچکی ہے اور وہ محبت میں اندھی بھی ہوگئی تھیں۔

اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ نہ جانے کیوں لوگ انہیں مغرور کہتے ہیں جب کہ وہ مغرور نہیں بلکہ انتہائی معصوم ہیں، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ وہ مغرور نہیں بلکہ پیاری ہیں۔

نازش جہانگیر حال ہی میں وصی شاہ کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ماضی میں محبت ہوچکی ہے اور وہ محبت میں اندھی بھی ہوگئی تھیں۔

نازش جہانگیر کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ جب کسی کو کسی سے محبت ہوجاتی ہے تب کچھ سمجھ نہیں آتا، بس اسے محبوب اچھا لگتا ہے، محبت میں انسان اندھا، کانا، لولا اور لنگڑا بھی ہوجاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چوں کہ وہ حقیقت پسند ہیں، اس لیے ان کی محبت زیادہ دیر نہیں رہی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کن سے محبت کی اور ان کی محبت ختم ہونے کی وجہ کیا بنی؟

ماضی میں یہ اطلاعات تھیں کہ نازش جہانگیر اور اداکار محسن عباس حیدر کے درمیان تعلقات ہیں، تاہم دونوں نے کبھی اس کا کھل کر اظہار نہیں کیا تھا۔

پروگرام کے دوران نازش جہانگیر نے ایک بار پھر بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں اور وہ کئی سال تک علاج کرواتی رہیں لیکن کبھی انہوں نے نیند کی گولیاں استعمال نہیں کیں۔

ان کے مطابق معروف شخصیت ہونے کے باوجود وہ ذہنی صحت پر کھل کر بات کرتی ہیں تاکہ لوگوں میں ڈپریشن سے متعلق شعور اجاگر ہو۔پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں نازش جہانگیر نے شکوہ کیا کہ نہ جانے کیوں لوگ انہیں دیکھتے ہی کہتے ہیں کہ وہ مغرور ہیں جب کہ وہ انتہائی معصوم ہیں۔

ان کے مطابق شاید ان کی شکل ایسی ہے کہ لوگ انہیں دیکھتے ہی مغرور کہتے اور سمجھتے ہیں جب کہ ان میں کوئی غرور نہیں، البتہ وہ پیاری ضرور ہیں، ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ خدا نہ کرے کہ ان میں کبھی غرور آئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ ان سمیت دیگر شوبز شخصیات پر غصہ اتارتے ہیں، شاید ایسے لوگوں کا اپنی بیوی یا گرل فرینڈ کے دوسرے بوائے فرینڈ سے جھگڑا ہوا ہوتا ہے، جس کا غصہ وہ ان کی پوسٹس پر آکر نکالتے ہیں۔

ڈپریشن کے باعث 2 بار خودکشی کا سوچا، نازش جہانگیر

دس سال تک ڈپریشن کا شکار رہی، نازش جہانگیر

عورت مارچ کی وجہ سے خلع کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، نازش جہانگیر