پاکستان

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق

نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں ڈکیتوں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، پولیس

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مبینہ ڈکیتوں کی فائرنگ سے ایک دکان دار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد کے بلاک بی میں دو مبینہ مسلح ڈکیتوں نے واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 50 سالہ مقصود جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد مبینہ ڈکیت جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نارتھ ناطم آباد فاروق احمد سنجرانی نے کہا کہ دو مسلح موٹرسائیکل سوار سیف شریف کی دکان پر پہنچے اور ان سے 25 ہزار رقم چھین لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے بعد جیسے ملزمان بھاگنے لگے تو متاثرہ شخص نے ان کا پیچھا کیا اور ڈکیتوں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی اور اس دوران ایک گولی دوسرے دکان دار مقصود کو لگی، جو اپنے دکان کے باہر بیٹھے ہوئے تھے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ دکان دار مقصود گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے اور انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ دم توڑ چکے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈکیت نے ماسک پہنا ہوا ہے اور دوسرا ماسک کے بغیر ہے۔

کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں کو مشتبہ افراد کی شناخت کے بارے میں کچھ معلومات ملی ہیں اور اس پر کام ہو رہا ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ کا بدترین باؤلنگ ریکارڈ حارث رؤف کے نام

فلسطین سے متعلق مواد دکھانے پرامریکی سیاستدانوں کا ٹک ٹاک پر پابندی کا مطالبہ

بنگلہ دیش آخری لیگ میچ میں ناکام، آسٹریلیا کی ورلڈ کپ میں لگاتار ساتویں فتح