لائف اسٹائل

پریتی کے معاف کرنے کے بعد نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ خارج

اداکارہ نے 2014 میں اپنے کاروباری دوست نیس واڈیا پر ہراساں کرنے، چھیڑ چھاڑ اور دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

بولی وڈ اداکارہ پریٹی زنٹا کی جانب سے اپنے سابق دوست اور معروف کاروباری شخصیت نیس واڈیا کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی معافی دیے جانے کے بعد عدالت نے بھی ان کے خلاف مقدمہ خارج کردیا۔

43 سالہ اداکارہ نے 47 سالہ سابق دوست، کاروباری شخص اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک بانی نیس واڈیا پر 4 سال قبل 2014 میں جنسی طور پر ہراساں کرنے، گالیاں دینے، دست درازیم چھیڑ چھاڑ اور ہاتھ پکڑنے سمیت تشدد کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔

بعد ازاں پریتی زنٹا نے رواں برس فروری میں نیس واڈیا کے خلاف ان ہی الزامات کے تحت ممبئی ہائی کورٹ میں طویل چارج شیٹ جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے سابق دوست پر کئی الزامات لگائے تھے۔

اداکارہ نے نیس واڈیا کے خلاف 500 صفحات پر مبنی چارج شیٹ ممبئی میٹروپولیٹن کورٹس کی ’ایسپلاندے کورٹ‘ میں پیش کی تھی۔

ماضی میں دونوں کی گہری دوستی بھی تھی—فائل فوٹو: اکانامکس ٹائمز

چارج شیٹ جمع ہونے کے فوری بعد نیس واڈیا نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اپنی ضمانت بھی کروالی تھی۔

اگرچہ نیس واڈیا نے شروع دن سے ہی پریتی زنٹا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے عدالت سے رجوع بھی کیا اور ان کی درخواست پر متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریتی زنٹا سے چھیڑ چھاڑ کیس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع

رواں ماہ 6 اکتوبر کو نیس واڈیا کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو معاملہ صلح سے حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سماعت کے دوران پریتی زنٹا کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اداکارہ نیس واڈیا کی جانب سے معافی مانگنے پر کیس واپس لینے اور انہیں معاف کرنے کو تیار ہیں۔

دونوں کو عدالت نے میڈیا سے بات کرنے سے بھی روک دیا—فوٹو: بولی وڈ

تاہم نیس واڈیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مؤکل معافی مانگنے پر تیار نہیں، لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ نیس واڈیا نے معافی مانگ لی، جس کے بعد پریتی زنٹا نے انہیں معاف کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

پریتی زنٹا کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد ہائی کورٹ نے نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ بھی خارج کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں سماعت سے قبل ہی پریتی زنٹا اور نیس واڈیا نے ایک چیمبر میں ملاقات کی اور بعد ازاں اداکارہ نے عدالت میں رپوٹ جمع کرائی۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیس واڈیا کی جانب سے معافی مانگے جانے پر اداکارہ نے انہیں معاف کردیا، جس کے بعد عدالت نے صنعت کار کے خلاف مقدمہ بھی خارج کردیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے دونوں فریقین کو اس حوالے سے میڈیا سے بات کرنے سے بھی روک دیا ہے اور معاملے کی مزید کوئی تفصیل بھی جاری نہیں کی گئی۔

دونوں آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک ہیں—فائل فوٹو: دی اسینشل

پریتی زنٹا کی جانب سے نیس واڈیا کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر ایک ایسے وقت میں معاف کیا ہے، جب کہ بھارت بھر میں ‘می ٹو’ مہم زوروں پر ہے۔

مزید پڑھیں: معافی مانگنے پر پریتی جنسی ہراساں کیے جانے کا کیس واپس لینے کو تیار

اسی مہم کے ذریعے متعدد اداکاراؤں، صحافی خواتین اور عام عورتوں نے خود کو ہراساں کیے جانے کے تجربات شیئر کیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس مقدمے درج ہونے سے قبل نیس واڈیا اور پریتی زنٹا میں گہرے تعلقات بھی قائم تھے، دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھی دیکھا جاتا تھا۔

دونوں کے درمیان اختلافات اور ایک دوسرے پر کیس کیے جانے کے باوجود دونوں آئی پی ایل کی کرکٹ ٹیم کنگزالیون پنجاب کے شریک بانی بھی ہیں۔

بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ہوتی رہتی تھیں کہ ان کی شادی ہوگی، تاہم ان کے تعلقات ڈرامائی طور پر ختم ہوگئے، جس کے بعد اداکارہ نے ایک اور امریکی کاروباری دوست جین گڈ اناف سے 2016 میں شادی کرلی۔

نیس واڈیا کی جانب سے معافی مانگے جانے اور مقدمہ خارج ہونے کے بعد پریتی زنٹا نے ایک ٹوئیٹ بھی کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ صرف ایک لفظ سے معاملہ ختم ہوگیا اور اب وہ کافی بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے 2016 میں اچانک شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا