سری دیوی کی بیٹی شاہ رخ کے بیٹے کی ہیروئن بننے کو تیار؟
بولی وڈ میں کافی عرصے سے اقربا پروری پر زوردار بحث جاری ہے اور جہاں کئی نامور اداکار و فلم ساز اس کی مخالفت کرتے نظر آتے ہیں، وہیں کئی بڑے بڑے نام اس کی حمایت بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں اداکار سنی دیول نے بھی اقربا پروری کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کو مواقع نہیں ملتے اور جو کامیاب نہیں ہوسکتے، وہی اس عمل کے خلاف رونا روتے ہیں۔
سنی دیول سے قبل عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور جیسے اداکاروں نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کے موجود ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
کرینہ کپور بھی کہ چکی ہیں کہ اگرچہ انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، تاہم اس سے کسی کو کامیاب نہیں مل سکتی۔
اداکارہ کنگنا رناوٹ نے تو فلم ساز کرن جوہر پر الزام عائد کیا کہ وہی انڈسٹری میں اقربا پروری کو پھیلانے کے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں اور دیکھا جائے تو یہ کوئی غلط الزام بھی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام
کرن جوہر نے جہاں 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے ذریعے فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ اور ہدایت کار ڈیوڈن دھون کے بیٹے ورن دھون کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا۔
وہیں حال ہی میں انہوں نے ‘دھڑک’ کے ذریعے سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپور کو بھی متعارف کرایا۔