کرینہ کپور خود کو رول ماڈل سمجھنے لگیں
ویسے تو اداکارائیں دنیا بھر کی لاکھوں خواتین کی رول ماڈل ہوتی ہیں، تاہم اگر کوئی خود کو ہی رول ماڈل قرار دے کر دیگر خواتین کو خود سے متاثر ہونے کا مشورہ دے تو بات اتنی آسانی سے ہضم نہیں ہوتی۔
اداکارہ کرینہ کپور بھی خود کو دیگر خواتین کے لیے رول ماڈل سمجھتی ہیں اور ساتھ ہی یہ امید بھی کرتی ہیں کہ خواتین ان سے متاثر ہوکر آگے بڑھیں گی۔
اداکارہ نے دلیل دی کہ وہ ایک شادی شدہ خاتون ہونے کے ساتھ ایک بچے کی ماں اور کامیاب اداکارہ بھی ہیں، ساتھ ہی وہ اپنے وقت کو اپنی تمام ذمہ داریوں میں تقسیم کرکے ایک آئیڈیل اور دوسری خواتین کو متاثر کرنے والی زندگی گزار رہی ہیں۔
نشریاتی ادارے ‘پنک ولا‘ کے مطابق ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف کام میں مصروف رہنے والی ماں بلکہ بیوی بھی ہیں اور ساتھ ہی وہ اپنے خاندان، دوستوں اور زندگی کے دیگر اہم معاملات کے لیے بھی مناسب وقت نکالتی ہیں۔