فضل الرحمٰن 14 اگست نہ منائیں، لیکن ہم منائیں گے، سراج الحق
متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی اتحادی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا 14 اگست نہ منانے کا فیصلہ ذاتی ہے، ہم یہ دن ضرور منائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ 'ہم اپوزیشن کے ساتھ ضرور ہیں مگر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کسی ڈکٹیشن کا حصہ نہیں بنیں گے اور ہم اپنی پالسیوں کو لے کر چلیں گے۔'
انہوں نے دونوں جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اگر نظام کو بہتر کرتے تو آج اپوزیشن کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔'
سراج الحق نے مولانا فضل الرحمٰن کے 14 اگست نہ منانے کے اعلان کے حوالے سے کہا کہ 'ہم 14 اگست منائیں گے، فضل الرحمٰن چودہ اگست نہ منائیں یہ ان کا اپنا فعل ہے۔'
مزید پڑھیں: ہم 14 اگست منائیں گے، مولانا فضل الرحمٰن نے درست کہا، عبدالغفور حیدری
خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن اتحاد کے احتجاج کے دوران مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ 'ہم 14 اگست کو یوم آزادی کے بجائے یوم جدوجہد منائیں گے'، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
امیر جماعت اسلامی کا پریس کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا کہ 'ریاستی اداروں نے جو نیک نامی امن قائم کرکے کمائی وہ انتخابات میں ختم کردی اور الیکشن میں ریاستی ادارے کھل کر سامنے آئے ہیں۔'
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 'عمران خان کا امتحان اب شروع ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں عمران نے قوم سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کریں۔'
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف، فضل الرحمٰن کے خلاف غداری کے مقدمے کی درخواست
ان کا کہنا تھا کہ 'احتساب سب کا ہونا چاہیے کوئی قانون سے بالاتر نہیں جبکہ ملک میں اسلامی نظام نفاذ کرنے کے لیے جہدوجہد جاری رکھیں گے۔'