ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے فوجی اہلکار سمیت 3 جاں بحق
بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے راولا کوٹ اور راکھ چِکری کے مقام پر شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔
بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 مقامی شہری جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم پر بھی فائرنگ کی، جس سے نائب صوبیدار ندیم شہید جبکہ 3 فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پیٹرولنگ ٹیم راولا کوٹ سیکٹر میں متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو کاموں میں مصروف تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جس سے بھارتی فوجیوں کو جانی و مالی نقصان ہوا۔
پاک فوج نے ان بھارتی سرحدی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی۔
قبل ازیں شہری آبادی پر بھارتی گولہ باری کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کا دھماکا سمجھا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر چوہدری کاشف حسین کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھماکا شام کے وقت کنٹرول لائن سے 150 قدم کے فاصلے پر واقع ضلع حویلی کے ایک گاؤں کیرنی گلی میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ گاؤں ایل او سی کے آخری مقام پر واقع ہے اس لیے حتمی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔‘
تاہم عسکری اور دیگر ذرائع نے دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 16 سالہ زاہد حسین اور 26 سالہ روبینہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت اکثیر ولد حاکم دین کے نام سے ہوئی۔
زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے فوج کے تحت چلنے والے ہسپتال فارورڈ کہوٹہ منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، ایک پاکستانی جاں بحق
کاشف حسین کا کہنا تھا کہ 'جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ دشمن کی نظر میں ہے اس لیے ممکن ہے کہ اس نے وہاں پر لوگوں کی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے پہلے سے نصب آئی ای ڈی کو ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا ہو۔‘
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں وادی جہلم کے علاقے کھلانا میں آئی ای ڈی کے اوپر سے گاڑی گزرنے کے باعث 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ کھلنا میں بھی ایل اوسی کے پار سے بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعے پیش آتے رہے ہیں۔
بھارتی شیلنگ سے ایک زخمی
قبل ازاں دن کے اوقات میں پونچھ کے علاقے میں بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں 25 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔
مقامی رہائشی اور ذرائع کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد ارشد جمعے کی نماز کی ادائیگی کےبعد گاؤں پولاس کاکوٹا میں اپنی دکان کے باہر کھڑے تھے کہ ایک مارٹر نے انھیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کے پیٹ اور بازووں میں زخم آگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
واقعے میں ہونے والے زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ دوروز قبل ایل او سی پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا کہ واقعات ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں واقع مختلف دیہاتوں میں پیش آئے جہاں لوگ اپنے روز مرہ کے کاموں میں مصروف تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایک شیل بالاکوٹ گاؤں کے ایک مکان پر آگرا جس کی وجہ سے 25 سالہ ملک محمد رزاق ولد عبدالخالق موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
انھوں نے بتایا کہ واقعے میں مقتول کی بہن 35 سالہ ارم بی بی کوئی تیز دھار چیز لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اسی طرح سیکٹر کے دیگر 3 دیہاتوں میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے 45 سالہ غلام فاطمہ زوجہ محمد فاروق، 45 سالہ کلثوم بی بی زوجہ محمود احمد، 40 سالہ کلثوم زوجہ محمد عزیز، 35 سالہ نسرین اختر اور 13 سالہ احسن کریم ولد عبدالکریم زخمی ہوگیا۔
ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
رواں سال آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 176 افراد زخمی بھی ہوئے۔