پاکستان

کیا سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ پاکستان میں ریلیز ہوگی؟

فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو بھی پاکستان میں بےحد پیار ملا تھا، امید ہے ’ٹیوب لائٹ۔ کو بھی پسند کیا جائے،ہدایت کار کبیر خان

بولی وڈ اداکار سلمان خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کا مداح بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور اس وقت ہر کوئی یہ جاننا چاہتا ہے کہ کیا یہ فلم پاکستان میں ریلیز ہوپائے گی؟

حال ہی میں کچھ اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی پروڈیوسرز نے کبیر خان کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ملک میں نمائش روکنے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ عید پر ریلیز ہونے والی مقامی فلمیں زیادہ بہتر بزنس کرسکیں، جن میں اداکار شان کی فلم ’یلغار‘ اور سہیل خان کی فلم ’شور شرابا‘ ہیں۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کی 'ٹیوب لائٹ' ہولی وڈ فلم کی نقل؟

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بولی وڈ ہدایت کار کبیر خان اور اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ ان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ اگر پاکستان میں عید پر ریلیز نہ ہوئی تو اسے دوبارہ پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

حال ہی میں دبئی میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں سلمان خان نے فلم کا گانا ’ریڈیو سانگ‘ ریلیز کیا، جہاں کبیر خان نے ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔

انہوں نے اپنی بات کا آغاز کرتے ہوئے کہا ’مجھے نہیں لگتا کہ افواہوں پر کسی قسم کا ردعمل یا جواب دینا چاہیئے‘۔

بولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق کبیر خان کا کہنا تھا کہ ’ہم سے کسی پاکستانی پروڈیوسر نے فلم کے حوالے سے بات نہیں کی، ہاں کچھ قیاس آرائیاں ضرور ہیں، کچھ پروڈیوسرز کا ماننا ہے کہ اگر دوسری فلم ریلیز نہ کی جائے تو انہیں بہتر مواقع مل سکتے ہیں، اگر ان کا ایسا ماننا ہے کہ اس طرح ان کی فلم بہتر بزنس کرے گی تو ہم اپنی فلم بعد میں بھی پاکستان میں ریلیز کرسکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور کبیر خان ایک بار پھر اکھٹے

انہوں نے پاکستانی شائقین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں میری فلموں کو بےحد پسند کیا جاتا ہے کیوں کہ پاکستانی عوام سلمان خان کے بڑے مداح ہیں، باکس آفس پر کیے گئے بزنس سے زیادہ ہمیں یہ خوشی ہے کہ وہاں کے لوگوں سے فلم بجرنگی بھائی جان کو بے حد پیار ملا، امید ہے کہ ٹیوب لائٹ کو بھی اتنا ہی پیار ملے‘۔

خیال رہے کہ فلم ’ٹیوب لائٹ‘ رواں سال 23 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔