صحت

یہ غذا آپ کو جوڑوں کے درد کا شکار بناسکتی ہے

گٹھیا ہڈیوں کےجوڑوں کی بیماری ہے جس میں یورک ایسڈ کی کافی مقدارخون میں شامل ہوجاتی ہے اور جوڑ سوجن کا شکار ہوجاتے ہیں۔

اگر آپ کو مغربی طرز کے کھانے یا آسان الفاظ میں فاسٹ فوڈ پسند ہے تو اس بات کا امکان ہے کہ آپ گٹھیا کے تکلیف دہ مرض کا شکار ہوسکتے ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واضح رہے کہ گٹھیا ہڈیوں کے جوڑوں کی بیماری ہے جس میں یورک ایسڈ کی کافی مقدار خون میں شامل ہوجاتی ہے جس سے جوڑ سوجن کا شکار ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں : گھٹنوں میں سے آوازیں کس مرض کی علامت؟

ہاورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پراسیس شدہ سرخ گوشت، سافٹ ڈرنکس، فرنچ فرائز، چینی اور میٹھی اشیاء وغیرہ کا زیادہ استعمال اس تکلیف دہ مرض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، گریوں اور اجناس پر مشتمل غذا گٹھیا کے مرض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

تحقیق کے دوران 44 ہزار افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : جوڑوں کے امراض کی 5 خاموش علامات

نتائج سے معلوم ہوا کہ فاسٹ فوڈ کے شوقین افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی جبکہ پھلوں و سبزیوں پر مشتمل غذا کا استعمال کرنے والوں میں یہ خطرہ 32 فیصد تک کم پایا گیا۔

محققین کو توقع ہے کہ ان نتائج سے لوگوں میں گٹھیا کے مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی کیونکہ صحت بخش غذا یورک ایسڈ کی سطح میں بھی کمی لاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت بخش غذا کے استعمال سے گٹھیا کے ساتھ ساتھ ہائی بلڈ پریشر سے بھی تحفظ ملتا ہے جو کہ گٹھیا کے مریضوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔

(یہ تحقیق طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی)