پاکستان

الیکشن کمیشن کے دفاتر میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی

یوٹیوب، ٹوئٹر اور فیس بک جیسی ویب سائٹس پر یہ پابندی کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے عائد کی گئی، نوٹیفکیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے تمام دفاتر میں دفتری اوقات کے دوران سماجی روابط کی ویب سائٹس یوٹیوب، ٹوئٹر اور فیس بک کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔

اس حکم نامے کا اطلاق ای سی پی سیکریٹریٹ کے ساتھ ساتھ صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر اور فیلڈ آفیسرز پر بھی ہوگا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرسید اے رحمٰن ظفر کی جانب سے سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے یہ پابندی کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے عائد کی ہے جبکہ اس سے دفتری اوقات میں برقی وسائل کا محدود استعمال بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی سی ایل) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکشن کوآپریشن (این ٹی سی) کے تعاون سے مزکورہ سوشل میڈیا اور اسٹریمنگ سائٹس کی پابندی فوری یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے گذشتہ سال جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں سائبر حملوں کی شرح کافی زیادہ ہے۔

نوٹیفکیشن کا عکس—فوٹو: ڈان نیوز