'شیوا جی ہوتے تو دشمن کو مبارکباد نہیں دیتے'
ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دینے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید شروع کردی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیو سینا کی جانب سے اس بار تنقید کے لیے 16ویں صدی میں مرہٹہ دور کی معروف شخصیت 'چتراپتی شیوا جی' کے نام کا استعمال کیا گیا جن کے مجسمے کی تیاری کے حوالے سے پہلے ہی نریندر مودی پر شدید دباؤ ہے۔
شیو سینا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'چتراپتی شیوا جی نے کبھی قوم کے دشمنوں کو مبارک باد کے پیغامات نہیں بھیجے'۔
یہ بھی پڑھیں: ‘اگر شیوا زندہ ہوتے تو وہ کبھی ایسا نہ کرتے‘
شیو سینا کی جانب سے نریندر مودی پر یہ تنقید شیوا جی کے مجسمے کا سنگ بنیاد رکھنے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹرا حکومت اس منصوبے کی لیے فنڈنگ کا اعلان جاری کرچکی ہے جبکہ پہلے مرحلے کے لیے 2 ہزار 300 کروڑ یعنی 23 ارب) روپے بھی ادا کیے جاچکے ہیں۔
مہاراشٹر اور بھارتی حکومت کی اندھی عقیدت ایک طرف لیکن اس مجسمے کی تعمیر پر پانی کی طرح پیسے بہانے کی مخالفت سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تبدیلی کے لیے کام کرنے والے ادارے Change.org کی جانب سے دائر کی جانے والی پٹیشن میں ساڑھے 18 ہزار افراد شامل ہیں جو کہتے ہیں کہ ٹیکس ادا کرنے والی عوام کی اس رقم کو کسی اچھی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: نریندر مودی کی نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد
شیو سینا کے حامی اخبار 'سامانا' میں شائع ہونے والے ایک اداریے میں لکھا گیا ہے کہ 'شیوا جی مہاراج حکومت کے دشمنوں کو قوم کا دشمن سمجھتے تھے، انہوں نے کبھی اورنگزیب، افضل خان اور شائستہ خان کو سالگرہ کی مبارکباد نہیں دی'۔
واضح رہے کہ شیوا جی کے مجسمے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شیو سینا کے صدر ادھو ٹھاکرے بھی موجود تھے تاہم شیو سینا اس بات پر ناراض تھی کہ نریندر مودی شیوا جی کے مجسمے کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
اداریے میں یہ بھی لکھا گیا کہ 'ہم سیاستدانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ شیوا جی کو اپنی سیاست کے لیے استعمال نہ کریں'۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 25 دسمبر کو وزیراعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارک باد دی تھی۔
نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ نوازشریف کی صحت مند اور لمبی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔