کھیل

سلو اوور ریٹ کے سبب مصباح پر ایک میچ کی پابندی

آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کے سبب پاکستان کے کپتان مصباح الحق پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ کے سبب پاکستان کے کپتان مصباح الحق پر ایک میچ کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی اور مقررہ وقت کے لحاظ سے اپنے ہدف 103 اوورز کے مقابلے میں دو اوورز پیچھے رہی۔

آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوور کے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اور کپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مصباح کو ایک میچ کیلئے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد یا ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں پر 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اگست میں انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں بھی مصباح الحق سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار ہائے تھے اور آئی سی سی کے قوانین کی رو سے 12 ماہ کے عرصے میں دوسری مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے پر ان پر پابندی عائد کی گئی۔

اس معطلی کے سبب قومی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جہاں کرائسٹ چرچ میں آٹھ وکٹوں سےشکست کے سبب پاکستان کو سیریز میں 1-0 کے خسارے کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ سسر کے انتقال کے سبب مصباح پاکستان واپس لوٹ چکے ہیں اور ان کی پہلے ہی دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک تھی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 25 نومبر سے کھیلا جائے گا۔