سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل بڑے بھارتی 'مسئلے' کو حل کرنے کیلئے سرگرم

بھارت ایسا ملک ہے جہاں کے 70 فیصد گھرانوں کو ٹوائلٹ تک رسائی حاصل نہیں اور گوگل اس حوالے سے کام کررہا ہے۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ بھارت کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے ؟ ایک ٹوائلٹ کو تلاش کرنا یا کم از کم گوگل کو تو یہی لگتا ہے۔

جی ہاں بھارت ایسا ملک ہے جہاں کے 70 فیصد گھرانوں کو ٹوائلٹ تک رسائی حاصل نہیں جس کے نتیجے میں ملک بھر میں کھلے عام رفع حاجت کا رجحان موجود ہے۔

تو اب گوگل اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے آگے آیا ہے اور اس نے بھارتی وزارت شہری ترقی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

اس کے لیے گوگل میپس میں ٹوائلٹ تلاش کرنے والے ٹول کو متعارف کرایا گیا ہے جو لوگوں کو صاف عوامی ٹوائلٹس تک رسائی میں مدد دے گا۔

یہ ٹول سب سے پہلے دہلی میٹرو پولیٹن ایریا کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور یہ گوگل پر کسی قریبی ریسٹورنٹس یا بینک کو تلاش کرنے کی طرح کام کرتا ہے۔

بس صارفین کو ٹوائلٹ یا اس کے لیے استعمال ہونے والے دیگر لفظ ٹائپ کرنا ہوں گے جس سے وہ قریبی ٹوائلٹ کو نقشے پر دیکھ سکیں گے۔

گوگل کے نتائج میں شاپنگ مالز، ہسپتالوں اور گیس اسٹیشنز سمیت دیگر ٹوائلٹس کو شامل کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں بھارتی وزارت اور گوگل صارفین کے کراﺅڈ سورس ڈیٹا پر انحصار کریں گے کہ وہ پبلک ٹوائلٹ صاف ہے یا نہیں۔

اس منصوبے پر کام رواں ماہ کے آخر تک دہلی میں شروع ہوجائے گا جبکہ دیگر شہروں کے حوالے سے ابھی کسی وقت کا اعلان نہیں کیا گیا۔