پاکستان میں ایرانی اور ترک فلموں کی نمائش کا امکان
بھارتی فلموں پر پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گی لہذا پاکستانی سینما مالکان اور فلم ڈسٹری بیوٹرز نے ایرانی، ترکی، چینی اور جنوبی کورین فلموں کی نمائش پر غور شروع کردیا ہے۔
فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی آئی ایم جی سی کے چیئرمین شیخ امجد راشد اور شائن پیکس سے تعلق رکھنے والے محسن یاسین نے ڈان سے بات چیت کے دوران پاکستان میں غیر ملکی فلموں کی نمائش پر بات کی۔
شیخ امجد راشد نے کہا ' ابھی اس پر کام ابتدائی مراحل پر ہے، ہم نے ایران اور ترکی کی فلموں کی نمائش کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بھارتی فلموں کا خلاءبھرا جاسکے'۔
محسن یاسین نے کہا ' ہاں ہم اس خلاءکو بھرنے کے لیے مختلف آپشنز کو دیکھ رہے ہیں، پاکستان میں ترک ڈراموں کو کافی پسند کیا جاتا ہے اور ہمیں لگتا ہے کہ وہاں کی فلموں کو بھی پسند کیا جائے گا، اس سے پہلے ہم صرف ہولی وڈ، بولی وڈ اور پاکستانی فلموں کی ہی نمائش کررہے تھے'۔