صحت

ذہین افراد کی یہ نشانی آپ میں ہے؟

ذہین افراد دوستوں کے ساتھ گھلنے ملنے اور گھومنے پھرنے کے دوران زندگی سے زیادہ مطمئن نہیں ہوتے، تحقیق

کیا آپ کو تنہا گھومنے پھرنے کا شوق ہے؟ اگر ہاں تو پھر آپ اپنے دیگر ساتھیوں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوسکتے ہیں۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

برٹش سائیکولوجیکل سوسائٹی کی تحقیق کے مطابق ذہین افراد دوستوں کے ساتھ گھلنے ملنے اور گھومنے پھرنے کے دوران زندگی سے زیادہ مطمئن نہیں ہوتے۔

18 سے 28 سال کے پندرہ ہزار سے زائد افراد پر ہونے والے سروے کا ڈیٹا استعمال کرکے محققین نے بتایا کہ شہروں میں رہنے والے افراد دیہی علاقوں کے باسیوں کے مقابلے میں زیادہ خوش باش نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں لوگ اپنے دوستوں سے اکثر ملنے پر زندگی سے زیادہ مطمئن اور خوش رہتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق چھوٹے قصبوں میں رہنے والوں کے لیے دوستوں کے ساتھ گھلنا ملنا خوشی کی کنجی ہوتا ہے مگر بہت زیادہ ذہین افراد کا معاملہ اس سے بالکل الٹ ہے۔

تحقیق کے مطابق ذہین افراد اکثر اچھے کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے وہ کینسر کا علاج ہو یا فن کا کوئی اعلیٰ نمونہ، اس کے لیے انہیں وقت درکار ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تنہائی کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

یا یوں کہہ لیں کہ وہ ان جذبات و احساسات سے دور رہتے ہیں جو خوشی کے لیے ضروری ہیں۔

تحقیق میں اس سوال کا جواب نہیں دیا جاسکا کہ جو لوگ شہروں میں رہنے پر ناخوش ہیں، اس کی وجہ شہری طرز زندگی ہے یا نہیں۔

اسی طرح یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا الگ تھلگ رہنے کی وجہ سے لوگ ذہین ہوتے ہیں یا ان کا زیادہ ذہین ہونا انہیں لوگوں سے گھلنے ملنے سے روکتا ہے۔