کلارک، سلمان بٹ کی پی ایس ایل ڈرافٹ میں شمولیت کا امکان
کراچی: سابق آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک اور اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق پاکستانی پاکستانی سلمان بٹ کے نام پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے ڈرافٹ میں شامل کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
ڈرافٹنگ کا عمل ممکنہ طور پر 18 اور 19 اکتوبر کو دبئی میں ہو گا اور ان دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم اور انگلینڈ کے ٹی ٹوئنتی کپتان آئن مورگن کے نام بھی ڈرافٹنگ کیلئے شامل کیے جائیں گے جہاں پانچ فرنچائز ٹیموں کے پاس ان کے انتخاب کا اختیار ہو گا۔
باوسوخ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ میک کولم، مورگن، ایلکس ہیلز، جیسن روئے، اسٹورٹ براڈ، لاستھ ملنگا، مہیلا جے وردنے اور کیرون پولارڈ کے ساتھ مائیکل کلارک پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔
گولڈ کیٹیگری میں سب سے نمایاں نام سابق کپتان سلمان بٹ کا ہے جبکہ ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی، انگلینڈ کے گیری بیلنس اور سری لنکا کے لہیرو تھری مانے بھی اس کیٹیگری کا حصہ ہوں گے جبکہ انگلینڈ کے عادل راشد، معین علی اور جیمز اینڈرسن بھی اسی کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔
پلیئرز ڈرافٹ کے عمل میں سلور کیٹیگری میں 255 کھلاڑیوں میں سے انتخاب کیا جائے گا جس میں انگلینڈ کے مارک وُڈ، ڈیوڈ ولی، کوشال سلوا اور ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران سمیت دیگر اہم نام شامل ہیں۔
'اس کے علاوہ 26 کھلاڑی ایمرجنگ پلیئر(ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں) کی کیٹیگری کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز نے پی ایس ایل سیکریٹریٹ کو کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے انتخاب سے قبل وہ ان کے ریلیز اور ٹراانسفر کے معاملت حل کرے تاکہ فرنچائز اپنی اسٹریٹیجی بنا سکیں گے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لاہور قلندر کی ٹیم نے کرس گیل کو ریلیز کر دیا ہے اور پی ایس ایل سیکریٹریٹ سے منظوری کےبعد وہ ممکنہ طور پر سہیل تنویر کا انتخاب کریں گے جنہوں نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی۔
پلاٹینم کیٹیگری کے کھلاڑی کی تنخواہ 140 ہزار سے 230 ہزار ڈالر کے درمیان ہو گی جبکہ ڈائمنڈ کیٹیگری کے کھلاڑی کی بنیادی تنخواہ 70 ہزار سے 85 ہزار ڈالر ہو گی، اسی طرح گولڈ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی تنخواہ 50ہزار سے 60 ہزار ڈالر ہو گی۔
سلور کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 22ہزار ڈالر ہو گی جو گزشتہ سال 25 ہزار ڈالر تھی تاہم سے 32ہزار ڈالر تک بڑھ سکتی ہے، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں 10ہزار ڈالر بنیادی رقم ہو گی جو 12ہزار ڈالر تک بڑھ سکتی ہے۔
قوانین کے تحت ہر ٹیم کو پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری سے تین تین، سلور سے پانچ جبکہ تین ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا لازمی ہے۔