پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں، سلمان خان
ممبئی: ایک طرف جہاں ہندوستان میں کچھ حلقے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے کے حق میں ہیں، وہیں بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں میدان میں آچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اوڑی حملے میں ہندوستان کے 18 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم سلمان خان اس پابندی کے خلاف نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سلمان خان، کرن جوہر کی مدد کیلئے میدان میں
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک تقریب کے دوران سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی اداکار فنکار ہیں دہشت گرد نہیں اور حکومت ہی انہیں ہندوستان آنے کے لیے ویزا دیتی ہے‘۔
واضح رہے کہ اوڑی حملے کے بعد ہندوستان کی قوم پرست جماعتوں نے فواد خان اور ماہرہ خان سمیت 7 پاکستانی اداکاروں کو 48 گھنٹوں کے دوران بھارت چھوڑ کر جانے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے کرن جوہر کے گھر کے باہر بھی دھرنا دیا، جس کی وجہ ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ تھی، جس میں انھوں نے پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عاطف اور شفقت کے ہندوستان میں کنسرٹ منسوخ
اس واقع کے بعد بھی سلمان خان کرن جوہر کی مدد کے لیے آگے آئے تھے اور رپورٹس کے مطابق انھوں نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کو فون کرکے دھرنا ختم کرنے کی گزارش کی تھی۔