لائف اسٹائل

فواد خان کے لیے ہندوستان میں ایک اور اعزاز

فواد خان کو اپنی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے لیے 2016 کے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں ایک خاص ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان کے کامیاب اداکار فواد خان نے جہاں اپنی دلکش شخصیت سے لوگوں کے دل جیتے ہیں وہیں وہ اپنی شاندار اداکاری سے ہر ایوارڈ شو میں بھی کوئی نہ اعزاز حاصل کرلیتے ہیں۔

2016 کے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کی شام فواد خان کے لیے کافی خوشگوار ثابت ہوئی جب انھیں فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے لیے ایک خاص ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فواد کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کو بھی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

فواد کے مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر اداکار کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں وہ ایوارڈ موصول کرتے ہوئے نظر آئے۔

فواد خان کے بعد رشی کپور نے فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کو ملنے والا ایوارڈ وصول کیا۔

مزید پڑھیں: فواد خان کی ایک اور بولی وڈ فلم باکس آفس پر ہٹ

اس دوران فواد کی بولی وڈ میں پہلی ساتھی اداکارہ سونم کپور کو ان کی فلم ’نیرجا‘ کے لیے بھی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

فواد کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھ کر ہر کسی کا یہ خیال ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں سب کچھ کرسکتے ہیں تاہم فواد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ سب کچھ کرسکتے ہیں لیکن ڈانس نہیں کرسکتے۔

ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق ایوارڈ شو کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد کا کہنا تھا کہ ’کاش میں اتنا ٹیلنٹڈ ہوتا، کاش میں گانے کے ساتھ ڈانس بھی کرسکتا، جب میں لوگوں کو ایسا کرتے دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کاش میں بھی ایسا کرسکتا‘۔

فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی کامیابی پر کافی خوش ہیں اور اس فلم کا حصہ بننے پر خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں فواد خان فیسٹیول کا انعقاد

ان کی اگلی بولی وڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں وہ پاکستانی اداکار عمران عباس، بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما، رنبیر کپور اور ایشوریا رائے کے ساتھ نظر آئیں گے۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس ایوارڈ شو کے دوران فواد کی ملاقات پاکستانی گلوکارہ سارہ حیدر سے بھی ہوئی، جس کے بعد سارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فواد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔

اس حوالے سے سارہ کا کہنا تھا کہ ’اسٹیج پر اپنے علاوہ ایک اور پاکستانی، فواد خان کو اس ایوارڈ شو میں دیکھ کر خوشی ہوئی انہوں نے گھر کی یاد دلادی، شکریہ‘۔