ارجن کی سرخ رنگ کی ہیلز
بولی وڈ اداکار ارجن کپور اپنی آنے والی فلم کی اینڈ کا کی تشہیر کے لیے کئی دلچسپ انداز اپنا رہے ہیں اور حال ہی میں اداکار نے فلم کے ایک گانے کے لیے سرخ رنگ کی ہیلز کے جوتے تک پہن لیے۔
ویسے تو بولی وڈ اداکار اپنے دلکش انداز اور مردانہ وجاہت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں لیکن ارجن کپور اب لوگوں کی اس انداز نظر کو تبدیل کر رہے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شئیر کی جس میں اداکار لڑکیوں کی ہیلز پہنے موجود ہیں۔
ارجن کا اس تصویر پر کہنا تھا لڑکے بھی اونچی ہیلز پہن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپنی فلم کے ٹریلر رونمائی کی تقریب کے دوران ارجن کا کہنا تھا کہ وہ ایک ساتھ دینے والے شوہر ثابت ہوں گے اور اپنی بیوی کے لیے ناشتہ بھی بنائیں گے۔
مزید پڑھیں: ’میں بیوی کے لیے ناشتہ بناؤں گا‘
ارجن کپور کی آنے والی فلم 'کی اینڈ کا' میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس فلم میں ارجن کپور ایک گھریلو شوہر کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ کرینہ کیرئیر میں کامیاب بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اداکار کا اپنی فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ مرد حضرات کو یہ فلم ضرور دیکھنی چاہیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کے لیے ارجن کپور کو باورچی خانے میں بھی مہارت حاصل کرنی پڑی ہے۔
آر بالکی کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں معروف اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔
فلم ’کی اینڈ کا‘ رواں سال یکم اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔