’میں بیوی کے لیے ناشتہ بناؤں گا‘
اپنی آنے والی بولی وڈ فلم ’کی اینڈ کا‘ میں گھریلو شوہر کا کردار ادا کرنے والے ارجن کپور کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی زندگی میں ساتھ دینے والے شوہر بنیں گے اور اپنی بیوی کے لیے ناشتہ بنائیں گے۔
ارجن کپور کی آنے والی فلم 'کی اینڈ کا' میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جس کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا.
اس فلم میں ارجن کپور ایک گھریلو شوہر کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ کرینہ کیرئیر میں کامیاب بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ارجن کپور کا کہنا تھا ’گھریلو خواتین کے بارے میں سوچا جاتا ہے کہ وہ کوئی کام نہیں کرتیں اور ان کا کام گھر میں بیٹھنا ہے جبکہ ایسا نہیں، وہ ہمارے لیے کئی قربانیاں دیتی ہیں‘۔
ارجن کا مزید کہنا تھا کہ مرد حضرات کو یہ فلم ضرور دیکھنی چاہیے۔
اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے ارجن نے بتایا کہ ’میں ایک ساتھ دینے والا شوہر بنوں گا اور اپنی بیوی کے لیے ناشتہ بھی بناؤں گا‘۔
اس فلم کے لیے ارجن کپور کو باورچی خانے میں بھی مہارت حاصل کرنی پڑی ہے۔
اس حوالے سے ارجن کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے فلم کی کہانی پڑھی تو انہیں اندازہ ہوا کہ باورچی ہونے کا کام بھی انہیں سیکھنا پڑے گا۔
اس موقع پر ارجن کے ساتھ موجود اداکارہ کرینہ کپور کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا ’مجھے ایک باورچی کی ضرورت ہے اور ارجن اس کے لیے بہتر رہیں گے‘۔
آر بالکی کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں معروف اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔
فلم ’کی اینڈ کا‘ رواں سال یکم اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔