پاکستان

لیگی رکن اسمبلی کے ڈیرے پر دھماکا، 7 ہلاک

ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ (ن)کے رکن اسمبلی سردار محمد امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے پر دھماکے میں بلدیاتی امیدوار نشانہ بنے.
|

ڈی جی خان : پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) سے قومی اسمبلی کے رکن سردار محمد امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے پر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ کے مقامی رہنما اختر تنگوانی اور ضمیر الحسن بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں، دونوں بلدیاتی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار تھے.

سردار محمد امجد فاروق کھوسہ این اے 171 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں.

میڈیا رپورٹس کے مطابق رکن قومی اسمبلی اس وقت ڈیرے پر موجود نہیں تھے، ان کے اسلام آباد میں ہونے کی اطلاع ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق سردار محمد امجد فاروق کھوسہ نے دھماکے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو کسی قسم کی دھمکی نہیں ملی تھی.

ڈان نیوز کے مطابق رکن قومی اسمبلی کا ڈیرہ تونسہ شریف کے علاقے میں تھا، جہاں دھماکے کے وقت 40 کے قریب افراد موجود تھے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کے امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد ڈیرے پر پہنچی۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا جبکہ دھماکے کے نتیجے میں ہلاک شدگان اور زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی متاثرہ مقام پر پہنچ کر جانچ پڑتال شروع کی تا کہ کسی اور دھماکے سے محفوظ رہا جاسکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان مبشر میکن کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز 2 کلومیٹر دور تک سنی گئی.

وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس کی رپورٹ طلب کرلی۔

پنجاب کے گورنر رفیق رجوانہ نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی۔

سردار محمد امجد فاروق کھوسہ 2013 کے عام انتخابات میں ڈیرہ غازی خان سے قومی اسمبلی کےرکن منتخب ہوئے، 2008 کے عام انتخابات میں سردار کھوسہ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 242 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سردار امجد فاروق، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ کے کزن ہیں.

جنوبی پنجاب کے سینئر سیاست دان سردار ذوالفقار کھوسہ حکمران جماعت سے نالاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 'ون مین شو' پر یقین رکھنے والے شریف برادران پارٹی کارکنوں کو عزت نہیں دیتے۔

یہی وجہ ہے کہ انھوں نے شریف برادران کی مخالف مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔

مزید پڑھیں : وزیر داخلہ پنجاب خود کش حملے میں ہلاک

یاد رہے کہ 16 اگست کو پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ اٹک کے علاقے میں اپنے آبائی گاؤں شادی خان میں اُس وقت جان کی بازی ہار گئے تھے، جب ان کے ڈیرے پر خود کش حملہ کیا گیا، اس واقعے میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے.