پاکستان

'این آر او کے تحت پندرہ سال تک مارشل لاء نافذ نہیں ہو سکتا'

شہلا رضا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ، برطانیہ ، یواے ای اور جنرل پرویز اشفاق کیانی نےبھی اس کی گارنٹی دی تھی۔

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا نے انکشاف کیا ہے کہ تین عام انتخابات ہونے تک ملک میں مارشل لاء نافذ نہیں کیا جا سکتا۔

ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں شہلا رضا نے کہا کہ این آر او میں یہ طے پایا تھا کہ تین عام انتخابات (پندرہ سال ) تک ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا

رپورٹ کے مطابق شہلا رضا نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ ، یواے ای اور اُس وقت کے آئی ایس آئی چیف جنرل پرویز اشفاق کیانی نے بھی اس کی گارنٹی دی تھی۔

شہلا رضا کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری عالمی طاقتوں کو یہ وعدہ یاد دلانے امریکہ گئے ہیں۔

دوسری جانب شہلارضا کے بیان کو پیپلز پارٹی نے گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان نے شہلارضا کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا یہ بیان پارٹی نقطہ نظرکےمطابق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سابق صدر (ریٹائرڈ) جنرل پرویز مشرف نے پانچ اکتوبر 2007 کو قومی مفاہمتی آرڈیننس جاری کیا جسے این آر او کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس قانون کے تحت مختلف افراد پر قائم آٹھ ہزار اکتالیس مقدمات ختم کیے گئے۔

یہی وہ قانون تھا، جس کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی ممکن ہوئی تھی۔

تاہم سولہ دسمبر 2009 کو سپریم کورٹ نے این آر او کو کالعدم قرار دے کر ختم کیے گئے تمام مقدمات بحال کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔