فردوس جمال سے متعلق ماہرہ خان کے بیان کی ویڈیو وائرل
’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے سینیئر اداکار فردوس جمال کے حوالے سے حال یہ میں دیے گئے بیان کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ماضی میں فردوس جمال اداکارہ ماہرہ خان کے حوالے سے متعدد بیان دے چکے ہیں، جن میں انہوں نے ماہرہ خان کو عمر رسیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب ان کی عمر ہیروئن نہیں بلکہ ماں کے کردار ادا کرنے کی ہیں۔
اسی طرح فردوس جمال یہ بھی کہ چکے ہیں کہ ان کی نظر میں ماہرہ خان اچھی اداکارہ نہیں، وہ دوسروں کو پسند ہے تو اس میں ان کا کوئی قصور نہیں۔
فردوس جمال کی جانب سے ماہرہ خان کو عمر رسیدہ قرار دیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ماہرہ خان نے کبھی واضح طور پر کھل کر اداکار کو جواب نہیں دیا۔
حال ہی میں ماہرہ خان نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے منعقد کی گئی سترہویں اردو کانفرنس میں شرکت کی، جہاں ان سے فردوس جمال سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔
ماہرہ خان نے سینیئر اداکار سے متعلق کوئی بھی جواب دینا پسند نہیں کیا اور ان کا نام سنتے ہی مسکرادیں لیکن بعد ازاں میزبان وسیم بادامی کی جانب سے بار بار پوچھے جانے پر انہوں نے فردوس جمال کے حوالے سے مختلف گفتگو کی۔
ماہرہ خان نے فردوس جمال کے حوالے سے قدرے سخت اور نامناسب الفاظ کہنے کے بجائے ان کی بطور اداکار تعریف کی۔
ماہرہ خان نے پہلے کہا کہ وہ فردوس جمال کو نہیں جانتیں، اس لیے وہ ان پر کوئی بات نہیں کر سکتیں۔
بعد ازاں بار بار پوچھے جانے پر ماہرہ خان نے مختصر جواب دیا کہ فردوس جمال بہت سینیئر اور اچھے اداکار ہیں۔
اداکارہ نے فردوس جمال کے حوالے سے مزید کوئی گفتگو نہیں کی اور انہیں اچھا اداکار قرار دیتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی۔
ماہرہ خان کی جانب سے فردوس جمال کے حوالے سے کی گئی مختصر بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کے جواب کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ اداکارہ نے سینیئر اداکار کی تنقید کے باوجود ان کے لیے کوئی نامناسب جملہ نہیں بولا۔