سندھ بھر میں آج عدالتی احکامات پر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد
سندھ بھر میں آج عدالتی احکامات کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے ٹیسٹ دوبارہ لیے گئے، اس دوران امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کے مراکز کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں قائم کیے گئے۔
ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ میں سندھ بھر سے 38 ہزار 683 امیدواروں نے شرکت کی، کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے 12 ہزار 849 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 6 ہزار 400 امیدوار این ای ڈی یونیورسٹی اور 6 ہزار 449 نے امیدوار کراچی یونیورسٹی میں امتحان دیے۔
آئی بی اے سکھر کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے سے پہلے ہی امیدواران امتحانی مراکز میں پہنچنا شروع ہوگئے تھے، پرچہ 200 کثیر انتخابی سوالات پر مشتمل ہے جس کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے کا تھا۔
کراچی این ای ڈی یونیوسٹی میں امیدواروں کی بہت بڑی تعداد کی وجہ سے مسکن چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، اس دوران گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
دوسری جانب، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد پرامتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ رہی، جس کے تحت ٹیسٹ مراکز میں ڈیجیٹل ڈیوائس، موبائل فون، لیڈیز پرس لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی رہی۔
جامعہ کراچی اور جامعہ این ای ڈی میں ٹیسٹ کی نگرانی وائس چانسلر آئی بی اے ڈاکٹر آصف شیخ نے کی اور انہوں نے میڈیا کے سامنے بڑے صندوقوں سے پرچہ نکالا اور بتایا کہ پرچہ سیل ہے اور اس کا کوئی حصہ آؤٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صندوق بند گاڑی میں لائے گئے جس کی نگرانی کیمرے کر رہے تھے اور پولیس بھی ہمراہ تھی۔
حیدرآباد میں بھی آج میڈیکل اور ڈینٹل کالجز و جامعات کے داخلوں ٹیسٹ لیے گئے، حیدرآباد پبلک اسکول میں 6 ہزار 406 اور جامشورو میں 6 ہزار 254 امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں۔
سکھر آئی بی اے کے تحت سکھر پبلک اسکول میں 5 ہزار 586 امیدوار میڈیکل کا ٹیسٹ دے رہے ہیں، لاڑکانہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں 4 ہزار 802 امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں۔