سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ، اپریل میں لینے کا فیصلہ
محکمہ تعلیم سندھ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ اور اپریل میں لینے کا فیصلہ کرلیا، صوبے میں موسم سرما کی تعطیلات 22 سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں اور دسویں کے امتحانات 15 مارچ سے لیے جائیں گے جبکہ گیارہویں اور بارویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ میٹرک کے نتائج پندرہ جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج پندرہ اگست تک جاری کردیے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ میں اسکولوں کا تعلیمی سال دو ہزار پچیس اور چھبیس کا آغاز یکم اپریل سے کیا جائے گا جبکہ کالجز میں نیا تعلیمی سال یکم اگست 2025 سے شروع ہوگا۔
اجلاس میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے اکتیس جولائی تک رکھنےکافیصلہ کیا گیا، موسم سرما کی تعطیلات بائیس سے اکتیس دسمبرتک ہوں گی۔