رواں سال یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والا دوسرا گلوکار رہا، چاہت فتح علی خان
کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یوٹیوب نے ای میل بھیجا ہے، جس میں انہیں بتایا گیا کہ وہ رواں برس یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے دوسرے گلوکار رہے۔
چاہت فتح علی خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں میں رواں برس مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں یوٹیوب کی جانب سے ایک ای میل کی گئی، جس میں انہیں مبارک باد پیش کی گئی تھی۔
ان کے مطابق انہیں ای میل پر بتایا گیا کہ وہ دنیا بھر میں یوٹیوب پر رواں برس سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں میں دوسرے نمبر پر رہے۔
کامیڈین کا کہنا تھا کہ ای میل میں انہیں بتایا گیا کہ یوٹیوب پر رواں برس سب سے زیادہ بھارتی گلوکار گرو رندھاوا کو تلاش کیا گیا جب کہ دوسرے نمبر پر لندن کے گلوکار چاہت فتح علی خان اور تیسرے نمبر پر پاکستانی گلوکار مرحوم نصرت فتح علی خان رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بتایا گیا کہ وہ نہ صرف پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا بلکہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکار رہے۔
چاہت فتح علی خان نے یوٹیوب پر خود کو سب سے زیادہ تلاش کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا کریڈٹ اپنے مداحوں کو دیا اور کہا کہ یہ سب مداحوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔
اگرچہ چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں یوٹیوب نے ای میل کرکے بتایا ہے کہ وہ سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے گلوکاروں پر دوسرے نمبر پر رہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
یوٹیوب سمیت گوگل اور دیگر ویب سائٹس بھی سال کے اختتام پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی چیزوں، شخصیات، ویڈیوز، خبروں اور تصاویر سے متعلق فہرست جاری کرتے ہیں، تاہم تاحال متعدد اداروں نے سال 2024 کی فہرست جاری نہیں کی۔