بلوچستان: کوہلو میں بارودی سرنگ کا دھماکا، لیویز اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک لیویز اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے جبکہ چمن میں ایک چیک پوائنٹ پر مسلح افراد کے حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لیویز حکام نے بتایا کہ ضلع کوہلو کے علاقے جنت والی میں بچھائی گئی بارودی سرنگ میں اس وقت دھماکا ہوا، جب سیکیورٹی کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
ڈائریکٹر جنرل لیویز نصیب اللہ خان کاکڑ نے کہا کہ لیویز کا ٹرک بارودی سرنگ سے ٹکرایا اور دھماکے سے اڑ گیا، مزید بتایا کہ دھماکے میں ایک اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ 6 دیگر اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
نصیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچے اور زخمیوں کو کوہلو کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جب کہ شدید زخمی لیویز اہلکاروں کو علاج کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
اُدھر چمن شہر میں لیویز چوکی پر ایک اور مسلح حملے میں ایک لیویز اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار کچھ شرپسندوں نے ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جہاں لیویز اہلکار چیکنگ کے لیے تعینات تھے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ لیویز اہلکار نے ایک موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی لیکن اس نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیویز اہلکار کو متعدد گولیاں لگیں اور انہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ 10 فروری کو بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 2 افسران شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’قابل اعتبار خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 10 فروری کو کارروائی شروع کی گئی تھی تاکہ دہشت گردوں کو آزادانہ کارروائیوں سے روکا جائے‘۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ علاقے میں کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا اور کارروائی کرنے والی پارٹی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو افسران شہید ہوگئے۔