ژوب: مسافر بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری، 19 افراد جاں بحق
بلوچستان کے شہر ژوب کی تحصیل شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع پہاڑی سلسلے کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بس اسلام آباد سے کوئٹہ آرہی تھی جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔
سول ہسپتال ژوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور الحق نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری، 22 افراد جاں بحق
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال ژوب اور سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کی گئیں، مرنے والے افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر ژوب کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس ضمن میں جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ژوب انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو جائے حادثہ پر بھرپور امدادی سرگرمیوں کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ژوب ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مسافر بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق
ساتھ ہی انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ژوب میں قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں گرنے سے 22 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا۔
ضلع کے ڈپٹی کمشنر حافظ محمد قاسم نے بتایا تھا کہ بس تقریباً 23 افراد کے ہمراہ لورالائی سے ژوب کے لیے روانہ ہوئی اور اخترزئی کے قریب پہاڑ کی چوٹی سے گری، جس میں سوار 22 مسافر حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔