انڈرپاس کے ڈیزائن کا معاملہ: رانا ثنااللہ کے خلاف نیب تحقیقات کا آغاز
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے رانا ثنااللہ کے خلاف اس تحقیقات کا آغاز ان کے آبائی علاقے فیصل آباد میں مبینہ طور پر کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچانےکے لیے انڈرپاس کا ڈیزائن تبدیل کرنے میں ان کے کردار پر کیا گیا۔
اس حوالے سے ایک نیب عہدیدار نے ڈان کو تصدیق کی کہ سابق وزیر قاونون پنجاب کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی کہ انہوں نے اپنے ’پسندیدہ‘ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنا رسوخ استعمال کرتے ہوئے انڈرپاس کا ڈیزائن تبدیل کروایا، جس کے بعد نیب نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مزید پڑھیں: نیب کا مریم اورنگزیب کو نوٹس کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے،شہباز شریف
ایک سوال کے جواب کے آیا رانا ثنااللہ کو اس سلسلے میں طلب کیا گیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’اس بات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کیونکہ ابھی ان کے خلاف تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں‘۔
دوسری جانب رانا ثنااللہ نے ڈان کو بتایا انہوں نے فیصل آباد میں کسی بھی انڈرپاس کے ڈیزان میں کوئی بھی تبدیلی کا حکم نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ کینال ایکسپریس وے پر 3 انڈرپاس ہیں، جنہیں کسی اور سڑک پر نہیں بنایا جاسکتا، لہٰذا ڈیزائن میں تبدیلی کا سوال ہی نہیں ہوتا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نیب میں اس طرح کی شکایت ہمارے سیاسی مخالفین کی جانب سے دائر کی گئی، ساتھ ہی انہوں نے نیب سے پوچھا کہ اگر مسلم لیگ(ن) کے حریف کے خلاف ’ایسی شکایت‘ کریں تو نیب تحقیقات کرے گا۔
مسلم لیگی رہنما نے خبردار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعے اپنے سیاسی حریفوں کو نشانہ نہ بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آشیانہ ہاؤسنگ کیس میںپاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکامی کے بعد نیب نے مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اور میرے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا جو نیب کی ساکھ کو مزید تباہ کردے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب جھوٹی اور کسی جماعت سے مخلص نہیں، عطاالحق قاسمی کا الزام
واضح رہے کہ نیب لاہور کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے رانا مشہود کے خلاف بھی شکایت موصول ہوئی ہیں۔
ان شکایات میں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے حلقے میں ایک بیوہ خاتون کی زمین پر قبضہ کیا۔
اس سے قبل رواں ہفتے نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔