• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹیلر سوئفٹ جنسی طور پر ہراساں ہونے کا مقدمہ جیت گئیں

شائع August 15, 2017 اپ ڈیٹ October 17, 2017
—فائل فوٹو اے ایف پی
—فائل فوٹو اے ایف پی

نوجوان امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ جیت لیا۔

خیال رہے کہ ٹیلر سوئفٹ کو 2013 میں امریکی ریاست کولاراڈو کے شہر ڈینور میں ایک میوزک کنسرٹ سے قبل 55 سالہ ریڈیو ڈسک جوکی (ڈی جے) ڈیوڈ ملر کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تھا۔

ڈی جے ڈیوڈ ملر نے نہ صرف گلوکارہ کو دیر تک دبوچے رکھا، بلکہ ان کے کولہوں سمیت جسم کے دیگر حصوں کو بھی دبایا تھا۔

ٹیلر سوئفٹ نے ڈیوڈ ملر کے اس عمل کے خلاف ان کے ریڈیو اسٹیشن کو شکایت کردی تھی، جس کے بعد ڈی جے کو نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جھوٹا الزام لگانے پر ٹیلر سوئفٹ کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ

نوکری سے نکالے جانے کے بعد 2 سال بعد 2015 میں ڈیوڈ ملر نے ٹیلر سوئفٹ کے خلاف ڈینور کی عدالت میں جھوٹا الزام لگانے پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

ڈیوڈ ملر نے عدالت میں مئوقف اختیار کیا کہ ٹیلر سوئفٹ نے ان پر جھوٹا الزام لگا کر ان کا کیریئر تباہ کردیا، اس لیے اب گلوکارہ سے انہیں 30 لاکھ امریکی ڈالر وصول کرکے دیے جائیں۔

ڈی جے کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے بھی جوابی مقدمہ دائر کیا تھا، اور انہوں نے علامتی طور پر محض ایک ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا، جس کے بعد دونوں فریقین کی درخواستوں پر ڈینور کی عدالت میں متعدد سماعتیں ہوئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ پیر 14 اگست کو مقدمے کی آخری سماعت میں ڈینور فیڈرل کورٹ کی 8 رکنی بینچ نے ٹیلر سوئفٹ کے حق میں فیصلہ دیا۔

مزید پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ سب پر بھاری

عدالت نے ڈیوڈ ملر کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ کو فاتح قرار دیا، جس کے بعد انہیں علامتی ہرجانے کے طور پر ایک امریکی ڈالر سے نوازا گیا۔

ڈینور کی عدالتی بینچ نے ریڈیو ڈی جے کی جانب سے ٹیلر سوئفٹ کی والدہ، کیگو ریڈیو اسٹیشن کے مینیجر اور گلوکارہ پر عائد کیے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ ریڈیو ڈی جے نے خود پر لگے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دوران سماعت عدالت میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں منصوبہ بندی کے تحت جھوٹے الزامات لگاکر نوکری سے فارغ کرکے ان کا کیریئر تباہ کیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق مقدمہ جیتنے کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں اپنی قانون ٹیم اور عدالت کا شکریہ ادا کیا، ہراساں ہونے والی خواتین کو بھی آواز اٹھانے کے لیے کہا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ سب سے زیادہ کمانے والی گلوکارہ

ٹیلر سوئفٹ کا کہنا تھا کہ ان کی قانونی ٹیم نے نہ صرف ان کی جانب سے بلکہ ان سب خواتین کی جانب سے بھی یہ مقدمہ لڑا، جو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر خاموش رہتی ہیں۔

انہوں نے جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ایسی تنظیموں کو عطیات دینے والی ہیں، جو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے والی خواتین کی مدد کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024