کیا سلمان خان اور براڈ پٹ ایک ساتھ فلم کریں گے؟
یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ آج تک بولی وڈ کے مرد اداکار ہولی وڈ میں کوئی اہم اور بڑا کردار حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔
تاہم عرفان خان اور انیل کپور سمیت کچھ دیگر اداکار مختصر اور سپورٹڈ کردار ادا کرچکے ہیں۔
لیکن بولی وڈ کے مرد اسٹارز کے مقابلے خواتین اور خصوصی طور پر دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا جیسی باصلاحیت اداکارائیں ہولی وڈ میں ڈیبیو انٹری دے چکی ہیں۔
لیکن ہولی وڈ میں مرد اسٹارز کو موقع نہ ملنے کی وجہ سے بھارتی فلم انڈسٹری کے سینیئر اداکار قدرے مایوس نظر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ کیلئے 'گھر' نہیں چھوڑوں گا، سلمان خان
بولی وڈ میں ولن کے کرداروں کے ذریعے لاکھوں مداحوں کی دلوں میں جگہ بنانے والے گلشن گروور کہتے ہیں کہ ہولی وڈ میں بھارتی خاتون اداکارائیں تو جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں، تاہم ابھی تک مرد اداکار یہ مقام حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق انہوں نے بولی وڈ کی خواتین اداکاراؤں کی صلاحیتوں اور خوبصورتی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہولی وڈ میں انٹری کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
گلشن گروور نے مرد اداکاروں کو ہولی وڈ میں موقع نہ ملنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ کبھی سلمان خان اور براڈ پٹ ایک فلم میں کام کرسکیں گے۔
مزید پڑھیں: 'بولی وڈ، ہولی وڈ سے کم نہیں'
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا سلمان خان، براڈ پٹ کے ساتھ فلم میں کام کرنے پر رضامند ہوں گے؟
اور یہ بھی اپنی جگہ ایک سوال ہے کہ گلشن گروور نے سلمان خان اور براڈ پٹ کا نام ہی کیوں لیا؟
ایسا تو نہیں ہے کہ کہیں ہولی وڈ اور بولی وڈ کے یہ سپر اسٹارز کسی مشترکہ منصوبے کے لیے خفیہ مذاکرات کر رہے ہوں؟
یہ بھی پڑھیں: 5 اداکاراؤں کا بولی وڈ سے ہولی وڈ سفر
بہرحال یہ ایک حقیقت ہے کہ آج تک سلمان خان، عامر خان، شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیو گن جیسے بڑے بڑے نام آج تک ہولی وڈ میں انٹری نہیں دے سکے۔
خیال رہے کہ گلشن گروور آج کل امریکی ڈرامہ فلم سیریز ’بلائنڈ ایمبیشن‘، بھارتی نژاد امریکی سرجن کی بائیوگرافی کتاب پر بننے والی فلم ’ڈسپریٹ اینڈورس‘ اور ’پریشنرس آف دی سن‘ سمیت ’بیپر‘ میں کام کرنے کے حوالے سے مصروف ہیں۔