نریندر مودی کی نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحت اور لمبی عمر کی دعائیں دی۔
نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ نوازشریف کی صحت مند اور لمبی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے نواز شریف کو ایسے موقع پر سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے جب مقبوضہ کشمیر میں مظالم، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کی خلاف ورزیوں اور جھوٹے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان تعقلقات کشیدہ ہیں۔
دونوں ممالک میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کرتے ہوئے پاکستان اآنے والے دریاؤں پر منصوبے قائم کرنے پر بھی اختلافات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سے قبل نواز شریف کا مودی کو فون
اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان اس وقت تعلقات میں کشیدگی بڑھی جب مقبوضہ کشمیر میں فوج کے اڈے اڑی پر حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی سیاستدانوں نے پاکستان پرحملوں مین ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جب کہ اسلام آباد نے نئی دہلی کے الزامات کی تردید کردی۔
دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی کے دوران نریند مودی کی جانب سے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کو اچھی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اچانک پاکستان کے مختصر دورے پر پہنچے تھے، نریندر مودی کے اچانک اور مختصر دورے نے سب کو حیران کردیا تھا۔
نریندر مودی کے مختصر دورے سے متعلق پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی وزیر اعظم نے نواز شریف کو فون کرکے پاکستانی دورے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر وزیر اعظم نے انہیں اسلام آباد کے بجائے لاہور آنے کی دعوت دی، کیوں کہ وزیر اعظم اس وقت لاہور میں تھے۔
نریندر مودی کو جاتی امراء لے جایا گیا تھا، جہاں انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے سمیت نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا، وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی تھی۔
بعد ازاں نریندر مودی نے پاکستان کے مختصر دورے پر بہترین مہمان نوازی کے لیے ٹوئٹر پر وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
وزیر اعظم نے سالگرہ کیسے منائی
25 دسمبر کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بھی سالگرہ ہوتی ہے اور اس سال انہوں نے یہ دن اپنی والدہ اور اہل خانہ کے ساتھ گھر پر کیک کاٹ کر منایا۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر تصاویر جاری کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز اور والدہ کے ساتھ کیک کاٹ رہے ہیں۔
مریم نواز نے اپنی ٹوئیٹ میں یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے اپنے مرحوم والد کی قبر پر بھی حاضری دی۔
اس کے علاوہ افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر حامد کرزئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'محترم نواز شریف صاحب سالگرہ مبارک ہو، آپ اور پاکستان کے لوگوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں'۔
تبصرے (1) بند ہیں