20 سال کی عمر میں عشق ہوا، محبت میں گلوکاری کی، علی ظفر

16 نومبر 2018
بچپن میں پہلے پینٹگز بنانے کا شوق تھا، گلوکار—فوٹو: علی ظفر انسٹاگرام
بچپن میں پہلے پینٹگز بنانے کا شوق تھا، گلوکار—فوٹو: علی ظفر انسٹاگرام

پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر جن کی کچھ ہفتے قبل ہی رومانٹک کامیڈی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ ریلیز ہوئی تھی، جس نے کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے، انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے گلوکاری سے قبل ایک اور کام شروع کیا تھا۔

اگرچہ اب علی ظفر جہاں بطور گلوکار دنیا میں مشہور ہیں، وہیں انہوں نے اپنی اداکاری کی وجہ سے بھی پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں اپنے مداح بنا رکھے ہیں۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے گلوکاری اور اداکاری سے قبل پینٹنگز بنانے کا کام شروع کیا تھا۔

’اسپیک یوئر ہارٹ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں بات کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ اسکیچ اور تصاویر بنانا انہوں نے بچپن میں اسکول کے زمانے میں ہی سیکھ لیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ بعد ازاں وہ اپنے والد کے مشورے پر لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں ملازمت کرنے والے رشتہ دار کے پاس گئے، جنہوں نے انہیں ہوٹل میں بیٹھ کر اپنی فنکارانہ صلاحیتں دکھانے کا موقع دیا۔

علی ظفر کے مطابق انہوں نے لاہور کے نجی ہوٹل میں بیٹھ کر پینٹنگز بنانا شروع کی، جہاں سے ان کے لیے نئی راہیں کھلیں اور وہیں پر آنے والے فیشن ڈیزائنرز اور پروڈیوسرز نے انہیں ماڈلنگ سمیت دیگر منصوبوں کی پیش کش کرنا شروع کی۔

گلوکار نے بتایا کہ زندگی میں ان کی پہلی کمائی شاندار تھی اور انہوں نے پہلے ہی دن 1500 روپے کمالیے اور پہلے ہی ماہ 30 ہزار روپے کمائے۔

علی ظفر کے مطابق ان کا تعلق متوسط طبقے سے تھا، جس وجہ سے ان کے لیے 30 ہزار روپے بہت بڑی معنی رکھتے تھے۔

’چھنو‘ گلوکار نے بتایا کہ جب وہ اپنی اہلیہ عائشہ سے ملے، اس وقت ان کی عمر 20 سال تھی اور اس وقت تک انہوں نے کوئی پروفیشن اختیار نہیں کیا تھا، بلکہ ابھی ابتدائی دور میں تھے۔

علی ظفر نے اعتراف کیا کہ انہیں پہلا عشق ہی اپنی بیوی سے 20 سال کی عمر میں ہوا اور وہ شادی کے لیے ان کے والدین کو منانے کی کوشش کے دوران گلوکار بنے۔

ان کے مطابق جب وہ عائشہ کے والد سے ملے تو انہوں نے ان سے پہلا سوال کیا کہ مجھے گلوکاری آتے ہے، جس پر میں نے ہاں میں جواب دیا اور پھر انہوں نے مجھے اپنے گھر میں کئی شوبز اسٹارز کے سامنے گانے کے لیے بلایا۔

علی ظفر نے اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ نے 18 سال کی عمر میں شادی اور جب وہ گریجوئیشن میں زیر تعلیم تھیں تب وہ پہلی بار امید سے ہوئیں۔

گلوکار کے مطابق وہ اپنے والدین کے پہلے بچے تھے اور والدہ نے انہیں 19 برس کی عمر میں جنم دیا اور انہوں نے ہی انہیں ایک اچھا، کامیاب اور بہتر انسان بنانے میں کردار ادا کیا۔

۔

اداکار نے اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس زمانے میں بھی متوسط طبقے سے تعلق رکھنے کے باوجود فیشن ایبل تھیں اور اپنے بال لڑکوں کی طرح چھوٹے کرواتی تھیں۔

علی ظفر نے اعتراف کیا کہ شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد ان کی زندگی میں نمایاں اور بڑی تبدیلی آئی اور انہوں نے چیزوں کو دوسرے نظریے سے دیکھنا شروع کیا۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ نمبرز کے پیچھے نہیں بھانگے، کیوں کہ لازمی نہیں ہے کہ تعلیم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہی کامیاب ہوں۔

تبصرے (1) بند ہیں

rabbz Nov 16, 2018 04:46pm
one can count it as wisdom pearl نہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ نمبرز کے پیچھے نہیں بھانگے، کیوں کہ لازمی نہیں ہے کہ تعلیم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہی کامیاب ہوں۔