سلمان خان کا ماورا حسین کی فلم پر 'الزام'

04 فروری 2016
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین اور بولی وڈ اداکار سلمان خان — فائل فوٹو
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین اور بولی وڈ اداکار سلمان خان — فائل فوٹو

بولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی بولی وڈ ڈیبیو فلم 'صنم تیری قسم' کے ہدایت کاروں پر اپنی فلم کا گانا چوری کرنے کا الزام عائد کردیا.

دبنگ خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ’میری فلم 'لکی' اور 'صنم تیری قسم' کے ہدایت کار نے ہیمیش سے میرا گانا چرا لیا ہے۔ اس خوبصورت گانے کو میں نے اپنی فلم تیرے نام کے لیے منتخب کیا تھا‘۔

مزید پڑھیں: ماورا کی فلم 'صنم تیری قسم' کی پہلی جھلک

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ گانے ’حال دل‘ کا انتخاب سلمان نے اپنی فلم ’تیرے نام‘ کے لیے کیا تھا تاہم بعض وجوہات کی بنا پر یہ گانا اُس فلم میں شامل نہ ہوسکا جس کے بعد اسے ماورا حسین کی فلم کا حصہ بنا دیا گیا.

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں فلموں کے میوزک ڈائریکٹر ایک ہی ہیں جس کی وجہ سے 'چوری' کا تو کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا، ہاں لیکن اس بات کا امکان ہے کہ سلمان خان نے یہ بات ازراہِ مذاق کی ہو، لیکن ساتھ ہی انھوں نے اس گانے کی تعریف بھی کی ہے.

یہ بھی پڑھیں: ماورا کی بولی وڈ فلم کا گانا ریلیز

واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی بولی وڈ ڈیبیو فلم 'صنم تیری قسم' رواں ماہ 5 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں