دبئی: آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہو جائے تو انہیں وہاں کرکٹ کھیل کر خوشی ہوگی۔

گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق، آسٹریلیا میں انڈیا کے خلاف سیریز کے بعد واٹسن پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل واٹسن نے کہا کہ انہیں 2005 میں آسٹریلیا اے کے لیے پاکستان میں سیریز کھیلنے کا بہت مزہ آیا تھا۔

’تاہم کھلاڑیوں کی سیکیورٹی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اگر پاکستان کو دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ قرار دے دیا جاتا ہے تو مجھے وہاں کھیل کر خوشی ہوگی۔'

واٹسن کا کہنا تھا کہ سیکورٹی تحفظات کے باعث پاکستان کو طویل عرصے سے اپنی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں مل سکا، لیکن امید ہے کہ جلد ہی یہ صورت حال تبدیل ہوگی۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اچھی فارم کے ذریعے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔

'میں پچھلے ایک، ڈیڑھ ماہ سے اچھی فارم میں ہوں اور دبئی میں کھیلنے پر خوشی محسوس کررہا ہوں۔ امید ہے یہاں اچھی کارکردگی دکھا سکوں گا۔'

انہوں نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوش ہیں جبکہ ان کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ میں کچھ ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں جن کے ساتھ کھیلنے میں مزہ آئے گا۔

'میں یہاں ان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلوں گا جن کے ہمیشہ خلاف ہی کھیلتا رہا۔ مصباح الحق، سعید اجمل اور محمد سمیع جیسے کھلاڑیوں کے خلاف نہیں بلکہ ان کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ شاندار ہوگا۔'

واٹسن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد نے بہترین ٹیم مینجمنٹ کا انتخاب کیا ہے اور وہ کوچ ڈین جونز کے ساتھ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

'جب میں نے کرکٹ کا آغاز کیا تو ڈینو میرے ہیروز میں سے ایک تھے۔ وہ کھیل کو بہت بہترین انداز میں سمجھتے ہیں۔ میں پہلے بھی کرکٹ کے بارے میں ان سے تھوڑا بہت سیکھتا رہا ہوں لیکن اس مرتبہ زیادہ قریب سے کام کرنے کا موقع ملے گا۔'

واٹسن پاکستانی عظیم گیند باز وسیم کے ساتھ بھی کام کرنے پر انتہائی خوش دکھائی دیے۔

'میں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ان کے خلاف تھوڑا بہت کھیلا ہے اور ہمیشہ سے ان کی باؤلنگ کا مداح رہا ہوں اور اب ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جو کہ میرے لیے بہت خوشی کا باعث ہے۔'

تبصرے (0) بند ہیں